• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق، 10 ملزمان گرفتار

کراچی کے علاقے منگھو پیر میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا جبکہ مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران پولیس نے 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسمگل شدہ کپڑا، اسلحہ، موبائل فونز،جعلی سرکاری نمبر پلیٹس اور دیگر چیزیں برآمد ہوئی ہیں۔

کراچی کے علاقے منگھو پیر میں واقع جان محمد گوٹھ کے ایک گھر میں کرنٹ لگنے سے 16 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت بلال ولد شفیع محمد کے نام سے ہوئی ہے۔

موٹر وے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی کپڑے کی بڑی کھیپ کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

لیاری ایکسپریس وے پر موٹروے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے اسمگل کیا ہوا کپڑا ملا ہے۔

مو ٹروے حکام کے مطابق کارروائی کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 3 گاڑیوں میں لوڈ کیا گیا 1 کروڑ روپے مالیت کا کپڑا برآمد کر لیا گیا ہے۔

ملزمان کو شیر شاہ پولیس کے حوالے کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

گڈاپ سٹی سے پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گروہ کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موبائل فونز برآمد کر لئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان علی شیر، بلال اور عرفان نے تفتیش کے دوران ضلع ملیر کے مختلف علاقوں میں لوٹ مار کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے اے ٹی ایم مشین سے رقم نکلوانے والے شہریوں کو لوٹنے والے ڈاکوئوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد شان، ریحان الدین اور فیضان عرف اسد شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے 3 پستول، کیش، موبائل فون اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔

ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین