• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ کا نئے صوبوں کے قیام کی مکمل حمایت کا اعلان

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن نے نئے صوبوں کے قیام کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا۔

ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ ‎شاہد خاقان عباسی کے قومی اسمبلی میں دیئے گئے بیان کو بل کی مخالفت کے طور پر پیش کیاجارہا ہے جبکہ انہوں نے جنوبی پنجاب صوبے کی مخالفت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ ‎شاہد خاقان عباسی کا قومی اسمبلی میں کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کے قیام کا بل ن لیگ کئی ماہ پہلے پیش کرچکی ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ‎دونوں صوبوں کے قیام کا بل مجلس قائمہ میں زیرغور ہے،قواعد کے تحت نیا بل پیش نہیں ہوسکتا۔

ن لیگی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ‎شاہد خاقان عباسی نے سوال کیا تھا کہ حکومت پہلے سے جمع شدہ بل پر پیشرفت کیوں نہیں کر رہی؟

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اچانک جنوبی پنجاب کی یاد آگئی ہے تا کہ آئی ایم ایف سے عوام کی توجہ ہٹانے کا نیا ڈرامہ ہوسکے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎مسلم لیگ (ن) نے ہی جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کے قیام کا بل جمع کرایا اور پنجاب اسمبلی سے قرارداد بھی منظور کرائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ‎حکومت نئے صوبوں کے قیام میں سنجیدہ ہے تو بہاولپور صوبے کو بھی تسلیم کرے۔

تازہ ترین