• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’عمران خان کی قیادت میں ادارے بہتر ہونے لگے‘‘

وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کہتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی ادارے بہتر ہونے لگے ہیں۔

ایک بیان میں وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کاکہنا ہے کہ پاکستان پوسٹ کا گزشتہ سال اس وقت تک ریوینو 8 ارب روپے تھا، رواں سال پاک پوسٹ کا اپریل تک ریوینو 14 ارب روپے ہو گیا، اس طرح اس ادارے نے اپنے ریونیو میں 600 کروڑ کا اضافہ کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ عمران خان کی قیادت میں تمام اداروں کو خسارے سے نکال کر منافع بخش بنائیں گے، پاکستان پوسٹ جلد لاجسٹک سیکٹر میں انقلاب برپا کرے گا، ای کامرس کے آغاز کے بعد 46000 پارسل سی او ڈی سے پہنچا دیے گئے ہیں، پاکستان پوسٹ کا بزنس بڑھنے سے ریلوے سے مزید بوگی بھی مانگ لی، سامان زیادہ ہونےکی وجہ سے مزید بوگی درکار ہے تاکہ پارسل کی بروقت ترسیل ہوسکے۔

مراد سعید نے کہا کہ پاکستان پوسٹ جیسا اہم ادارہ بہتری کی طرف گامزن دیکھ کر دلی مسرت ملتی ہے، یہ ادارہ جلد پوری دنیا میں میڈ اِن پاکستان پراجیکٹ کا بھی آغاز کرے گا، ادارے خسارے میں ہوں تو عوام کا صحت، تعلیم، پانی کا پیسہ خسارے پورا کرنے میں لگتا ہے، ان شاء اللہ عمران خان کی قیادت میں تمام اداروں کو بہتر بنائیں گے۔

تازہ ترین