• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشتیاق امیر مقام جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

مسلم لیگ نون خیبر پختون خوا کے صدر امیر مقام کے صاحبزادے اشتیاق امیر مقام کو اینٹی کرپشن عدالت میں پیش کر دیا گیا ۔

اینٹی کرپشن عدالت نے اشتیاق امیر مقام کو 3 دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

ایف آئی اے نے ملزم اشتیاق کو گزشتہ روز کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا تھا، ملزم اشتیاق امیرمقام پر شانگلہ میں سڑک کی تعمیر میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کا الزام ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق کرپشن انکوائری مکمل ہونے کے بعد امیر مقام کے بیٹے اشتیاق سمیت دیگر 5 ٹھیکیداروں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

انکوائری میں این ایچ اے کے 11 اعلیٰ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے جبکہ انکوائری میں امیر مقام اینڈ کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے اور کمپنی سے 626 ملین روپے کی ریکوری کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

انکوائری کے مطابق پراجیکٹ امیر مقام اینڈ کمپنی کو 850 ملین میں ایک سال میں مکمل کرنا تھا،تاہم یہ پراجیکٹ 10 سال بعد بھی نامکمل رہا اور اس کا تخمینہ 2800 ملین سے تجاوز کر چکا ہے۔

بیٹے کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ نون خیبرپختوت خوا کے صدر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہمارا دامن صاف ہے، حکومت کے سیاسی مخالفین کے خلاف ہتھکنڈوں اور انتقامی کاروائیوں پر چپ نہیں بیٹھیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت اور وزیر مواصلات کے ان ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، عمران خان اور اس کے چہیتے مراد سعید کی ایماء پر میرے خلاف اداروں کو استعمال کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔

تازہ ترین