• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جمعرات اور جمعے کو شہر میں بوندا باندی اور بارش کا امکان ہے، مغربی ہواؤں کا سسٹم بوندا باندی اور بارش برسا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران شہر میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ سمندری ہواؤں کی رفتار میں بھی اضافے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ شہر قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے،مغربی علاقوں سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔

ادھر سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف مقامات پر گز شتہ رات ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے ہفتہ کے دوران اسلام آباد، پنجاب، بالائی سندھ، خیبر پختون خوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

دن کے درجہ حرارت میں معمول سے 04 سے 06 ڈگری کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

جمعرات سے جمعے کے دوران کراچی میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے شہروں سیہون، جیکب آباد، شکارپور اور سکھر میں بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

بلوچستان کے علاقوں کوہلو، چمن، موسیٰ خیل، ہرنائی، قلعہ سیف الله، نصیر آباد، ڈیرہ مراد جمالی اور جھل مگسی میں بارش ہوئی، جس کے بعد سے کئی علاقوں میں بجلی غائب رہی۔

ملتان، جہانیاں، وہاڑی، لودھراں اور بہاول پور میں بھی بارش ہوئی، بہاول پور میں تیز آندھی سے کئی درخت اور سائن بورڈز گر گئے۔

بورےوالا میں آسمانی بجلی گرنے سے گرڈ اسٹیشن کے یارڈ میں آگ بھڑک اٹھی،جسے بجھا دیا گیا، عارضی طور پر بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

تازہ ترین