• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سال میں دوسری بارسلو اوور ریٹ کا خمیازہ،انگلش کپتان معطل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف برسٹل ون ڈے انٹر نیشنل میں پہاڑ جیسا اسکور با آسانی حاصل کرلیا لیکن سلو اوور ریٹ کی وجہ سے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے انگلش کپتان اوئن مورگن کو ایک میچ کے لئے معطل کردیا ہے۔ مورگن جمعے کو پاکستان کے خلاف ٹرینٹ برج ناٹنگھم کے چوتھے میچ میں کپتانی نہیں کرسکیں گے۔ مورگن 12 ماہ کے دوران دوسری بار آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے ہیں۔ اس سے قبل رواں برس فروری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بارباڈوس میں ہونے والے ایک روزہ میچ میں بھی این مورگن سلو اوور ریٹ کے مرتکب قرار پائے تھے۔بدھ کو آئی سی سی نے اعلان کیا کہ میچ ریفری رچی رچرڈسن نے مورگن پر سلو اوور ریٹ کی وجہ سے میچ فیس کا چالیس فیصد جرمانہ کیا ہے۔ ٹیم کے بقیہ دس کھلاڑیوں پر میچ فیس کا بیس فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ انگلینڈ کے وکٹ کیپر اور پاکستان کے خلاف برسٹل میں سنچری بنانے والے جونی بیئرسٹو پر ڈسپلن کی خلاف ورزی پر انہیں سر زنش کی گئی ہے اور مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے آئوٹ ہونے کے بعد بیٹ وکٹ پر مارا تھا۔آئی سی سی ترجمان کا کہنا ہے کہ بیئرسٹو نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا ہے۔
تازہ ترین