• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متوقع بارشیں،متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کی ہدایت،عملے کی چھٹیاں منسوخ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے شہر میں متوقع بارشوں اور طوفانی سمندری ہوائوں کی پیش گوئی کے باعث متعلقہ محکموں کے افسران و عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی، محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز، فائربریگیڈ ، پارکس، میونسپل سروسز میں ایمرجنسی لگا کر تمام افسران و اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں،انہوں نے ہدایت کی کہ تمام مشینری سمیت عملے کو فعال حالت میں رکھا جائے اور بارش کے دوران یا بعد کس بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری کام شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی بھی ممکنہ دشواری سے بچایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران کسی بھی شکایت کے لئے شہری اپنی شکایات1339پر بھی درج کرائیں، محکمہ میونسپل سروسز کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں پر اسٹاف متعین کیا جائے کیونکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ناقص کارکردگی سے شہر کا تمام کچرا نالوں میں بھرا ہوا ہے، صفائی کے باوجود نالے مکمل صاف نہیں ہو رہے کیونکہ لاکھوں ٹن کچرا روزانہ کی بنیاد پر نالوں میں ڈالا جاتا ہے اور جہاں جہاں چوکنگ پوائنٹس ہیں ان پر مسلسل نظر رکھی جائے تاکہ برساتی نالوں کے اوور فلو ہونے سے اطراف کی آبادیوں کو محفوظ رکھا جاسکے ، میئر نے کہا کہ شہریوں کا بھی یہ فرض ہے کہ وہ برساتی نالوںمیں کچرا پھینکنے سے گریز کریں اور ان کے اوپر قائم کی گئی تجاوزات رضاکارانہ طور پر ختم کردیں ، میئر کراچی نے ہدایت کی کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام متعلقہ محکمے چوکس حالت میں رہیں اور شہر کے کسی بھی علاقے سے ملنے والی شکایات پر فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
تازہ ترین