• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مساجد میں دہشت گردی کی فوٹیج رکھنے پرعمر اشفاق کوساڑھے4سال قید کی سزا

لندن (پی اے) انگلینڈ کی 6 مساجد میں رکھے جوتوں میں دہشت گردی کے پراپیگنڈے سے متعلق یو ایس بی سٹکس رکھنے پر برمنگھم کرائون کورٹ نے 24سالہ عمر اشفاق کو ساڑھے 4 سال قید کی سزا سنا دی۔ ملزم نے گزشتہ سال مئی اور جون کے دوران مساجد میں اس وقت جوتوں میں 17 سٹکس رکھ دی تھیں، جب لوگ نماز ادا کر رہے تھے۔ ڈربی شائر پولیس کا کہنا ہے کہ یو ایس بی سٹکس میں پرتشدد فوٹیج اور دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کا پراپگنڈہ تھا۔ اشفاق نے عدالت میں 11 الزامات کا اعتراف کیا، اسے ایک لائسنس سے متعلق الزام پر بھی ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ استغاثہ کے مطابق ملزم نے گزشتہ سال ماہ رمضان کے دوران ڈربی شائر، لف برو، کوونٹری، برمنگھم اور لوٹن کی مساجد میں پرتشدد فوٹیج اور دہشت گردی کے پراپگنڈہ پر مبنی سٹکس رکھی تھیں، اس میں داعش کے بچوں نے جاسوسوں کو قتل کردیا اور داعش نے غدار ترک فوجیوں کو قتل کیا۔ نمازیوں کو جب یہ سٹکس ملیں تو انھوں نے مساجد کے منتظمین کو اس کی اطلاع دی، جنھوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر اشفاق کی نشاندہی کی۔ ایک یو ایس بی سٹک ایک 9 سالہ بچے کو ملی، جو اپنے والد کے ساتھ مسجد گیا تھا۔ اشفاق کو جب اس کے گھر سے گرفتار کیا گیا تو اس کے گھر سے بھی پولیس نے ایک بیگ سے، جن پر مانچسٹر اوربریڈ فورڈ تحریر تھا اور اس میں اس کے منصوبے کے بارے میں تحریر تھا 15سٹکس برآمد کی تھیں۔

تازہ ترین