• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی وکشمیری کمیونٹی یورپی پارلیمانی الیکشن میں بھرپور حصہ لے، سجاد کریم

مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل)برطانیہ میں یورپین پارلیمنٹ کے الیکشن کی انتخابی مہم زور شور سے جاری ہے۔ نامور سماجی کمیونٹی رہنما ماجد نذیر نے ممبر یورپین پارلیمنٹ ڈاکٹر سجاد حیدر کریم کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں افطار پارٹی کا انعقاد کیا جس میں مختلف جماعتوں کی سیاسی شخصیات، کمیونٹی رہنمائوں اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبر و سابق وزیر چوہدری علی شان سونی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سجاد حیدر کریم کا کہنا تھا کہ 23مئی کو یورپین پارلیمنٹ کے ہونے والے عام انتخابات میں پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کو بھرپور حصہ لینا چاہئے اور ووٹ ڈالنے کا پختہ ارادہ کرنا چاہئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اس لئے بھی مسلمان کمیونٹی کے لئے انتہائی ضروری ہے تاکہ جو پارٹی نفرت اور تقسیم پھیلانے کے درپے ہے اسے شکست دے کر ان کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تو شروع دن سے ہی یورپین یونین سے انخلاء کے حق میں نہیں تھے اسکی بنیادی وجہ یہ ہے اگر برطانیہ ایسا کرتا ہے اور سکاٹ لینڈ علیحدہ ملک کا دوبارہ مطالبہ کر دیں آئرلینڈ بھی اکٹھا ہو جائے تو چین، امریکہ اور دیگر طاقتور طاقتیں کبھی بھی انگلینڈ کو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا ممبر نہیں رہنے دیں گی اور اسکا سب سے زیادہ نقصان پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کو ہو گا کیونکہ بھارت اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا مستقل ممبر بننے کے لئے پر تول رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم کا مقصد اس بات کی بھی یقین دہانی کرنا ہے کہ کنزرویٹو پارٹی نارتھ ویسٹ ریجن میں یورپین پارلیمنٹ میں اپنی نشستوں کا دفاع کر سکے لہذا کمیونٹی کو چاہئے کہ وہ انتخابی مہم کو بھرپور طریقے سے چلائے تاکہ الیکشن کے بعد ہمیں پچھتاوا نہ ہو۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن چوہدری علی شان سونی نے کہا کہ ڈاکٹر سجاد حیدر کریم نے پاکستان کشمیر اور مسلمان کمیونٹی کے حقوق کا تحفظ کیا ہے اور اس بارے ٹھوس موقف اختیار بھی کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کمیونٹی کو انہیں دوبارہ یورپین پارلیمنٹ کا ممبر منتخب کروانے کے لئے سخت محنت کرنی چاہئے کیونکہ وہ اس کے حقدار ہیں۔ سیاسی سماجی کمیونٹی اور کاروباری شخصیت مسرت چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم سب کو مل جل کر ڈاکٹر سجاد حیدر کریم کی الیکشن مہم کا حصہ بن کر کمیونٹی کو انہیں دوبارہ منتخب کرنے کے لئے کہا جائے۔میزبان ماجد نذیر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر سجاد حیدر کریم پچھلے پندرہ سالوں سے یورپین پارلیمنٹ کے ممبر ہیں اور واحد رہنما ہیں جو جرآٔت و بہادری کے ساتھ پارلیمنٹ کے اندر ٹھوس دلائل سے ہر مسئلہ اٹھاتے ہیں۔ مسلمان کمیونٹی اور اسلاموفوبیا بارے کھل کر بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات، کمیونٹی کے افراد کا دلی شکریہ ادا کیا جنہوں نے یورپین پارلیمنٹ کے انتخابات کے سلسلہ میں رکھی گئی افطار پارٹی میں شرکت کی۔ اس موقع پر چوہدری پہلوان، چوہدری محمد صادق، راجہ تصویر، چوہدری مظہر، نواز علی، عابد نذیر، عمان ماجد، حماس ماجد، لالہ علی اصغر، چوہدری محمد بشیر رٹوی، الطاف شاہد سدھو کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔

تازہ ترین