• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

EDLکے بانی کا انتخابی دورہ نامکمل، بولٹن میں ٹامی رابنسن کو شدید عوامی مزاحمت کا سامنا

بولٹن (ابرار حسین)نسل پرست تنظیم انگلش ڈیفنس لیگ کے بانی اور یورپی پارلیمنٹ کے بانی ٹامی رابنسن بولٹن میں اپنا انتخابی دورہ مکمل نہ کرسکے اور عوامی مزاحمت سے انہیں اپنے پروگرام کو مختصر کرنا پڑا، ڈیفنس لیگ نے بولٹن ٹائون ہال کے باہر اپنے امیدوار کی انتخابی مہم سے خطاب کیلئے پروگرام کا اعلان کیا تھا مگر وقت سے پہلے عوام کی ایک بڑی تعداد نے ٹائون ہال کے باہر ٹامی رابنسن کے خلاف مظاہرہ کیا، مظاہرن نے نسل پرستی کے خلاف بینرز اور کتبے بھی اٹھا رکھے تھے جن پر نسل پرستی کے خلاف نعرے درج تھے اور انگلش ڈیفنس لیگ کے ایک نسل پرست تنظیم ہونے پر نعرے بازی بھی کی جارہی تھی عوام نے توقع ظاہر کی کہ 23مئی کو ہونے والے یورپی انتخابات میں لوگ نسل پرست تنظیموں کو کسی بھی صورت پارلیمنٹ میں نہیں جانے دیں گے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے ووٹ کا استعمال اپنے ضمیر کے مطابق کریں، ٹامی رابنسن سے متعلق بتایا گیا تھا کہ وہ تقریباً بعد دوپہر دو سے چار بجے تک ٹائون ہال کے باہر اپنی انتخابی مہم کے حوالے سے خطاب کریں گے تاہم مظاہرین کے جذبات کو دیکھتے ہوئے ڈیفنس لیگ کی انتخابی ٹیم نے ٹائون ہال کا پروگرام معطل کرکے بولٹن کے ایک دوسرے علاقے براسٹمیٹ میں عوام سے ملاقاتیں کیں اور اپنا انتخابی منشور پیش کیا تاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
تازہ ترین