• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی پارلیمنٹ کے امیدواروں سے مسئلہ کشمیر پر حمایت لی جائے، فہیم کیانی

برمنگھم(پ ر) تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا ہے کہ 23مئی کو برطانیہ میں ہونے والے یورپین پارلیمنٹ کے الیکشن میں عوام کو بھرپور حصہ لینا چاہئے، مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے الیکشن امیدواروں سے ملاقاتیں کر کے ان کی حمایت حاصل کی جائے اور کمٹمنٹ لی جائے کہ وہ منتخب ہو کر یورپین پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت مظالم، انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں گے اور کشمیر کے حق خودارادیت کی حمایت کریں گے تا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے حق دیا جائے۔ برمنگھم میں تحریک کشمیر کے مرکزی اور مڈلینڈ کے رہنمائوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک کشمیر برطانیہ کی مرکزی، زونل قیادت اور برانچوں کے ناظمین اس سلسلے میں الیکشن مہم میں بھرپور حصہ لے کر مختلف پارٹی امیدواروں کے ساتھ ملاقاتیں کر کے ان کی حمایت حاصل کریں گے، ماضی میں جن ممبران پارلیمنٹ کی مسئلہ کشمیر پر یورپین پارلیمنٹ میں اچھی کارکردگی ہے ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا، لندن سے گلاسگو تک مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور برانچوں کے ناظمین اس میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ راجہ فہیم نے کہا کہ یورپین پارلیمنٹ کا کشمیریوں کی جدوجہد اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر اہم کردار ہے بھارت کے انسانیت سوز مظالم پر قراردادیں منظور کی گئی ہیں، بھارت کے مظالم کو اجاگر کیا گیا ہے اور بھارت کا اصل روپ دنیا کے سامنے پیش کیا گیا ہے کہ بھارت خطے کی امن کے لئے شدید خطرہ ہے بھارت بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ بھارت کے طرز عمل کی وجہ سے خطے کے حالات انتہائی کشیدہ ہیں اجلاس میں تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، برطانیہ کے نائب صدر مفتی عبدالمجید ندیم ،اعظم فاروق، راجہ قمر عباس، شاہنواز علی حیدر ایڈووکیٹ اورسرفراز موسیٰ نے شرکت کی۔
تازہ ترین