• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہنگری،امیگرنٹ مخالف پارٹی کی کالعدم گروپ کی طرز پر’سیلف ڈیفنس‘فورس قائم

لندن ( نیوز ڈیسک )ہنگری میں انتہائی دائیں بازو کی ایک پارٹی نے عشرہ قبل کالعدم قرار دیئے گئے ’’ وجیلینٹ ہنگرین گارڈ‘‘ کی طرز پر ’’ سیلف ڈیفنس گروپ‘‘ قائم کرلیا۔ امیگرنٹ مخالف پارٹی’’اوور ہوم موومنٹ ‘‘ کے سربراہ لیزلو ٹوروچکائی نے کہا ہے کہ نو تشکیل گروپ ’’ نیشنل لیجن‘‘ بنیادی طور پر ’’ اقدار کی حفاظت‘‘ کرے گا اور اسے بنیادی فوجی تربیت دی جائے گی۔ واضح رہے کہ سیاستدانوں کے ایک گروپ نے 2007 میں ہنگرین گارڈ کے نام سے ایک نیم فوجی تنظیم تشکیل دی تھی۔ سیاستدانوں کے اس گروپ میں گیبر وونا بھی شامل تھے جو کہ گزشتہ سال تک سخت گیر’’جوبک پارٹی‘‘ کی قیادت کر رہے تھے۔ گروپ نے 2009 میں ہنگری کی عدالتوں سے کالعدم قرار دیئے جانے سے قبل ایسے علاقوں میں خانہ بدوش کرمنلز‘‘ کے خلاف دفاع میں ریلیاں نکالی تھیں جہاں بڑی تعداد میں روما آبادی رہائش پذیر ہے۔مسٹر ٹوروچکائی نے کہا ہے کہ ان کا نیا گروپ ہنگرین گارڈکا قانونی جانشین نہیں ہے مگر انہوں نے واضح کیا کہ گروپ چاہتا ہے کہ ہنگرین گارڈ کے ایثار اور فلسفہ پر عمل جاری رکھا جائے۔ تاہم نسلی اقلیتی جماعت ہنگرین نیشنل ایتھک منارٹیز انٹریسٹ پروٹیکشن ایسوسی ایشن نے نیشنل لیجن کے قیام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ حکام کی جانب سے اس پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
تازہ ترین