• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقتصادی رابطہ کمیٹی، 158.50 ارب کی گندم خریدنے، کراچی کو 150 میگاواٹ اضافی بجلی دینے کی منظوری

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں بجلی کی قلت پرقابو پانے کیلئے قومی گرڈ سے کے الیکٹرک کو 150 میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہمی ، سابق فاٹا کے 7 قبائلی اضلاع کو رمضان المبارک میں اضافی بجلی کی فراہمی کیلئے ٹیسکو کو ایک ارب80کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کرنے اور مالی سال 19- 2018کے لیے158ارب 50کروڑ روپے مالیت کی 51لاکھ 50ہزار ٹن گندم کی خریداری کی منظوری دیدی ہے۔ای سی سی کا اجلاس بدھ کو مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ہوا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں بجلی کی قلت پرقابوپانے کیلئے قومی گرڈ سے کے الیکٹرک کو 150 میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہمی کی پاورڈویژن کی تجویز کی منظوری دی۔ سابق فاٹا کے 7 قبائلی اضلاع کو رمضان المبارک میں اضافی بجلی کی فراہمی کیلئے ٹرائیبل الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) کو ایک ارب 80 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کرنے کی منظوری دی، پاور ڈویژن کی جانب سے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ سابق قبائلی ایجنسیوں میں گھریلو صارفین کے بجلی بلوں کی ادائیگی کیلئے حکومت ہرماہ ایک ارب 30کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کررہی ہے۔

تازہ ترین