• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی عوام وزیراعظم کی کارکردگی سے مطمئن، گیلپ سروے

کراچی (ٹی وی رپورٹ) 58؍ فیصد پاکستانی شہری وزیراعظم عمران خان کی کارکردگی سے مطمئن نظر آرہے ہیں جبکہ 74؍ فیصد افراد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی فارمنس سے مطمئن ہیں ، وزرأ اعلیٰ میں عثمان بزدار کی کارکردگی سب سے بہتر رہی وہ 37؍ فیصد کارکردگی سے اپنے صوبوں کے شہریوں کو مطمئن کرسکے ہیں ۔مراد علی شاہ کی کارکردگی کو 27؍ فیصد افراد نے سراہا اقتصادی میدان میں نون لیگ کا پلڑا بھاری ہے اور 51؍ فیصد شہری آج بھی ن لیگ کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیتے نظر آئے ۔ وزیراعظم کی کاردگی سے عوام خوش ہیں یا نہیں ‘ وزرائے اعلیٰ کی کارکردگی کیسی ہے اور موجودہ سیاسی رہنماؤں کی عوام میں مقبولیت کتنی ہے ان تمام سوالوں پر عوامی آراء گیلپ پاکستان کے حالیہ سروے کے ذریعے سامنے آئیں ‘ عوامی رہنماؤں کی مقبولیت میں عمران خان سب سے اوپر رہے جن کی بطور وزیراعظم کارکردگی سے 58فیصد افراد مطمئن نظر آئے جبکہ 38فیصد غیر مطمئن نظر آئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سروے میں 50 فیصد افراد نے مثبت رائے کا اظہار کیا جبکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی مثبت رائے کا اظہار کرنے والوں کی شرح 55فیصد تھی ۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی کارکردگی سے سروے میں 74فیصد افراد مطمئن نظر آئے وفاقی حکومت کی مختلف شعبوں میں کارکردگی کے سوال پر سروے میں 54فیصد افراد حکومتی امور چلانے پر پی ٹی آئی کی قابلیت پر اعتماد کا اظہار کرتے نظر آئے البتہ 44 فیصد نے عدم اعتماد کیا ۔ گیلپ پاکستان کے اس سوال پر کہ کیا موجودہ حکومتی کارکردگی پچھلی حکومت سے بہتر ہے تو 51 فیصد افراد نے موجودہ حکومت کی کارکردگی کو پچھلی حکومت سے برا کہا ‘27 فیصد نے بہتر کہا جبکہ 21فیصد نے کہا دونوں میں کوئی فرق نہیں ۔ سروے میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی کارکردگی کے سوال کے جواب میں عثمان بزدار سب پر بازی لے گئے ان کی کارکردگی سے 37 فیصد افراد مطمئن نظر آئے ‘وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی کارکردگی کو 27فیصد افراد نے سراہا جبکہ کے پی کے وزیراعلیٰ محمود خان کی کارکردگی کے معترف 34فیصد افراد دکھائی دیئے ۔ بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال کی کارکردگی کو سراہنے والوں کی تعدادصرف 30فیصد نظر آئی ۔
تازہ ترین