• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں آج مطلع ابر آلود، بوندا باندی کا امکان

کراچی میں محکمہ موسمیات نے آج سے گرمی میں کمی کی خوشخبری سنائی ہے۔

شہر قائد میں آج اور کل مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، تیز ہواؤں کے ساتھ آج بوندا باندی اور جمعے کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم شہر میں بوندا باندی اور بارش برسا سکتا ہے، اس دوران سمندری ہواؤں کی رفتار میں بھی اضافے کا امکان ہے۔

گزشتہ رات لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم اور پشاور میں بارش ہوئی، خضدار، چمن اور دکی سمیت شمال اور مغربی بلوچستان میں بھی طوفانی بارشیں اور ژالہ باری سے ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہو گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ایران سے طوفان کا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہوچکا ہے جس کی وجہ سے جمعے تک بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور تیز آندھی کا امکان ہے۔

دکی کے نواحی گاؤں میں سیلابی پانی کا ریلہ داخل ہونے سے 15 سے زائد گھروں کی دیواریں گر گئیں، ضلعی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز تک اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختون خوا، بلوچستان، سکھر، لاڑکانہ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

تازہ ترین