• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویسٹ مڈلینڈ میں اسلاموفوبیا کی گنجائش نہیں، رمضان دوسروں کا دکھ درد محسوس کرنے کا بھی ذریعہ ہے، اینڈی سٹریٹ

والسل (آصف محمود براہٹلوی) ویسٹ مڈ لینڈ میں اسلامو فوبیا کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں۔ مسلم کمیونٹی پرامن ہے اور خود بھی امن کی خوہاں ہے۔ نیوزی لینڈ چرچ کریسٹ مسجد پر حملہ، ویسٹ مڈ میں پانچ مساجد پر حملوں کے بعد ہم نے مسلم کمیونٹی کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مختلف مساجد کے دورے کئے۔ رمضان صبر، برداشت کے ساتھ دوسروں کی تکلیف اور دکھ، درد کا احساس کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ویسٹ مڈ لینڈ کمبائنڈ اتھارٹی کے میٹرو میئر اینڈی سٹریٹ نے مسجد عائشہ میں بین المذاہب افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کونسلر محمد عارف، لیڈر آف والسل سٹی کونسل مائیک بارڈ، تنویر اکمل، ضیاء الحق، حافظ محمد سعید اینڈ سسٹر سارا کے علاوہ مقامی چرچ کے نمائندوں اور سکھ کمیونٹی کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ اینڈی سٹریٹ نے مزید کہا کہ ویسٹ مڈ میں تمام کمیونٹیز پرامن اور آپس میں باہمی اتحاد و یکجہتی سے رہ رہی ہیں۔ اس پورے ریجن کی خاص بات یہ ہے کہ تمام آپس میں نہ صرف اتفاق و اتحاد سے رہ رہے ہیں، بلکہ ایک دوسرے کے عقائد اور مذہبی تہواروں میں شرکت اور احترام کرتے ہیں۔ اینڈی سٹریٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اسلامی تعلیمات کو سیکھ رہا ہوں۔ قرآن کی اسٹڈی کررہا ہوں۔ یہ انتہائی پرامن مذہب ہے، جس میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ہم مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اپنی نوجوان نسل کو نئی جاب کے لئے ٹریننگ دے رہے ہیں، تاکہ نوجوان پروفیشنلز کورسز کرکے اپنا مستقبل محفوظ کرنے کے ساتھ والدین کی بھی خدمت کرسکیں۔ لندن کے بعد ویسٹ مڈ لینڈ دوسرا بڑا ریجن ہے جو کلین ائر زون ہوگا، جہاں پبلک ٹرانسپورٹ فضائی آلودگی سے مکمل پاک ہوگی۔ مسجد عائشہ نہ صرف تعلیم و تربیت کا کام کررہی ہے بلکہ رفاعی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے، جو قابل ستائش ہے۔ لیڈر آف والسل سٹی کونسل کونسلر مائیک بارڈ نے کہا کہ والسل کثیر الثقافتی شہر ہے۔ مجھے فخر ہے کہ میں گزشتہ چالیس برسوں سے ایسے شہر سے کونسلر منتخب ہوتا چلا آرہا ہوں۔ مسلم کمیونٹی کے ساتھ میرا قریبی فیملی تعلق ہے۔ دوسروں کی خدمت کا جذبہ اس کمیونٹی کے اندر کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔ انتہائی ملنسار اور اعلیٰ اوصاف کے مالک ہیں۔ محمد عارف نے کہا کہ برطانیہ کی تعمیر و ترقی میں ہمارے آبائو اجداد نے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ آج یہاں ہماری تیسری نسل پروان چڑھ رہی ہے۔ آج ہماری کمیونٹی کے رہنمائوں نے سیاست، تجارت سمیت ملک کے پالیسی میکر اداروں میں مقام پیدا کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ روزہ تزکیہ نفس ہے۔ بھوک، پیاس برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے بھوکے، پیاسے اور بے گھر افراد کے لئے نہ صرف احساس پیدا ہوتا ہے بلکہ ان کی کفالت اور خدمت کرنے کا جذبہ رمضان المبارک میں دگنا ہوجاتا ہے۔ ضیاء الحق، تنویر اکمل نے کہا کہ اس طرح کی بین المذاہب افطار تقریبات مستقبل میں بھی جاری رہنی چاہئیں، تاکہ ہم نوجوان نسل میں بھی اس طرح خدمت کرنے کا جذبہ بیدار کرسکیں۔ آخر میں ملکی قومی سلامتی اور دہشت گردی سے نجات کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔

تازہ ترین