• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی پارلیمانی انتخابات کیلئے ویسٹ مڈلینڈ میں 7 نشستیں، امیدوار سیٹوں کا دفاع کریں گے

برمنگھم (نمائندہ جنگ) بریگزٹ جیسے ایشو کی غیر یقینی صورتحال کے باوجود 23مئی کو یورپین پارلیمنٹ کے الیکشن ہونے جارہے ہیں۔ ویسٹ مڈلینڈ میں کل سات نشستیں ہیں جن میں سے دو لیبرپارٹی کے پاس، دو حکمران کنزرویٹو پارٹی اور تین یوکیپ کے پاس ہیں۔ یوکیپ کی جل سیمور، بل ہتھرج، جیمز کرور، حکمران کنزرویٹو کی انتھیا مگناٹائر، ڈان ڈلٹن، لیبرپارٹی کی نینا گل، شان سائمن اپنی اپنی نشستوں کا دفاع کریں گے۔ یاد رہےکہ ہر جماعت جو الیکشن میں حصہ لے رہی ہے اپنے سات سات امیدوار دےگی۔ متناسب نمائندگی کے تحت جماعت کے امیدواروں کو الاٹ کئے گئے نمبرز کے مطابق ای یو امیدوار کامیابی حاصل کریں  گے گزشتہ لوکل کونسل کے الیکشنز میں جس طرح ٹوری پارٹی اور لیبر پارٹی کو بڑا سیاسی دھچکا لگا اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یورپین پارلیمنٹ کے الیکشن بھی غیرمتوقع نتائج دیں گے۔ (لب ڈیم) لبرل ڈیموکریٹک بھی حالات سے لگتا ہےاپنی کھوئی ہوئی سیٹ واپس لینے میں کامیاب ہوجائے گی۔ گزشتہ ہفتہ کو لیبرلیڈر جرمی کوربن نے بھی یورپین الیکشن کی مہم کیلئے برمنگھم کا دورہ کیا تھا۔ اس الیکشن میں کوئی گہما گہمی نہ بن سکی، لگتا ہے کہ عام الیکشن کی نسبت ووٹ ڈالنے کی شرح قدر کم رہےگی۔ تاہم جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، تحریک کشمیر کے صدر راجہ فہیم کیانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تحریک کشمیر کے حوالے سے کام کرنے والے امیدواروں کی حمایت کی جائے تاکہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد مسئلہ کشمیر پر حمایت کرسکیں اور اقوام متحدہ کے پلیٹ فورم پر سب سے طویل ترین حل طلب مسئلہ کا حتمی حل ہوسکے۔

تازہ ترین