برسلز (اے پی پی اقوام ِ متحدہ نے شامی علاقے ادلب پر فضائی حملوں کے خاتمے کی اپیل کی ہے ۔ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان فرحان حق نے یومیہ پریس بریفنگ میں علاقے میں فضائی حدود کا کنٹرول کسی کے ہاتھ میں ہونے کی وضاحت کرتے ہوئے ان حملوں کا سدِ باب کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملوں کے دوران 18 ہسپتالوں ، 17 سکولوں اور ڈسپنسریوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوقین کو چاہیے کہ وہ شہری بنیادی ڈھانچے کو ہدف نہ بنا ئیں اور عالمی قوانین کا احترام کریں۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق ماہ ِ اپریل کے آخیر سے اب تک شام کے شمال مغربی علاقوں میں کم ازکم ڈیڑھ سو افراد ہلاک یا پھر زخمی ہوئے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 80ہزارنقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں، جن کی اکثریت کْھلے آسمان تلے انتہائی معدوم انداز میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔دوسری جانب ترک اور روسی وزارء دفاع نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ادلب کے معاملے پر بات چیت کی ہے۔ ترک وزارتِ دفاع سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ترک وزیر دفاع خلوصی عقار روسی ہم منصب سرگئی شوئگو کو ٹیلی فون کر کے شامی علاقے ادلب کی تازہ صورتحال تبادلہ خیال سمیت علاقے میں کشیدگی میں کمی لانے اورخطے میں سکیورٹی کے معاملات کا گزشتہ برس ماہ ِ اکتوبر میں روسی شہر سوچی میں ہونے والے معاہدے کے تحت جائزہ لیا گیا ہے ۔