• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حساس ادارے کے جعلی افسر سمیت 36ملزمان گرفتار،اسلحہ،منشیات برآمد

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) رینجرز اور پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران زخمی سمیت 36ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ،منشیات،موٹر سائیکلیں اور گٹکا برآمد کرلیا،تفصیلات کے مطابق قائد آباد پولیس نے شیر پاؤکالونی مولا مدد قبرستان کے کوچ اڈے کے قریب شہریوں کو اسلحہ کے زور پر لوٹنے والے دو ملزمان محمد صالح اور شمیم احمد کو مقا بلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا اور فوری طور پر طبی امدار کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا ،پولیس کے مطابق ملزمان سے 2 تیس بور پستول ، موبائلز فونز اور نقدی برآمد کی گئی ہے،ملیر کینٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر عابد اقبال کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ ،پاک بحریہ کی وردی اوردیگر اشیاء برآمد کرلیں،ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ ملزم عابد اقبال جعلی شناخت بتا کر شادیاں کرتا اور متاثرہ خاندان اور شہریوں سے مختلف کام کروانے کے نام پر بھی بھاری رقم وصول کرتا تھا ،ملزم خود کو پاک بحریہ کا اعلیٰ افسر ظاہر کرنے کے ساتھ سرکاری کاموں اور اداروں میں مداخلت بھی کرتا تھا ،پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، رینجرز نے مبینہ ٹاؤن، سرسید اور مدینہ کالونی سے 3ملزمان یٰسین، عامر جان اور مصطفی نیازی عرف مُستی کو گرفتار کیا جو ڈکیتی، اسٹریٹ کرائمز، لوٹ مار، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں جبکہ بوٹ بیسن اور سر سید کے علاقوں میں 4ملزمان ارباز خان، شمس الرحمن عرف کاکو، محمد عامر عرف عامر اور محمد فیضان عرف مغل کو گرفتار کیا جومنشیات فروشی میں ملوث ہیں، ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ،مسروقہ سامان اور منشیات بھی بر آمدکر لی گئی۔

تازہ ترین