• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ بورڈ انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے کیلئے پراُمید

کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) پاکستا ن کرکٹ بورڈپر امید ہے کہ اب ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کے دروازے ہمیشہ کے لئے کھل جائیں گے اور مرحلہ وار غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آنا شروع ہوں گی۔ اس سال ستمبر میں پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکا کی ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کرے گا۔ اگلے تین سال میں پاکستان انگلینڈ اور آسٹریلیا کی میزبانی کرکے اس جمود کو توڑنا چاہتا ہے۔ امید ہے کہ جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ ان خیالات کا اظہار برطانیہ سے تعلق رکھنے والے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان نے جمعرات کو انگلینڈ سے لاہور پہنچنے کے بعد جنگ کو خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 27اور28مئی کو سنگا پور میں ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ ہورہی ہے جس میں سری لنکا کرکٹ سے ستمبر اکتوبر کی سیریز کے لئے بات کریں گے۔ امید ہے جون میں سری لنکا سیریز کی تفصیلات طے ہوجائیں گی۔ سری لنکا میں دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان انڈر19کرکٹ ٹیم کا ملتوی دورہ ری شیڈول ہوگیا ہے، ٹیم 26مئی سے پانچ جون تک سری لنکا کا دورہ کریگی اور پانچ ون ڈے میچ ہمبن ٹوٹا میں کھیلے گی۔ اگلے سال ایم سی سی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ ایم سی سی نے ہائی پروفائل کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کا وعدہ کیا ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ کے سی ای او ٹام ہیری سن سے بات چیت ہوئی ہے۔2022میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے ، انہیں قائل کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے حالات اب بہت بہتر ہیں، اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجیں ۔ ٹام ہیری سن اگلے دو تین ماہ میں پاکستان آرہے ہیں۔ انہیں تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ ابھی انہوں نے دوسرے کی تصدیق نہیں کی ہے، امید ہے کہ ہم دو سال انگلش ٹیم کو پاکستان لانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔1999کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو لانا بھی بڑا ٹاسک ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ایرل ایڈنگز اور سی ای او کیون رابرٹسن ورلڈ کپ کے بعد انگلینڈ سے واپسی پر دونوں دو دن کے لئے لاہور آئینگے۔ 2022میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے بھی پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ وسیم خان نے کہا کہ حکومت غیر ملکی ٹیموں کو لانے کے لئے اپنے طور پر کوششیں کررہی ہے ہم نے اپنے انداز میں بورڈز کے سربراہوں کو پاکستان بلاکر انہیں سیکیورٹی پر بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ امید ہے ڈپلومیسی اور ہماری کوششیں رنگ لائیں گی۔

تازہ ترین