• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شنواری اور وہاب پر قسمت مہربان،ورلڈکپ کیلئے غور شروع

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ کی ون ڈے سیریز میں فاسٹ بولروں کی مایوس کن کارکردگی اور محمد عامر کے ان فٹ ہونے کے باعث ورلڈ کپ کے لئے لیفٹ آرم پیس بولر عثمان خان شنواری اور وہاب ریاض کی قسمت کھل سکتی ہے؟ دونوں سے متعلق غور شروع ہوگیا ہے۔ تاہم اس بات کا انحصار اگلے میچوں میں بولنگ لائن کی کارکردگی پر ہوگا۔اس وقت 17رکنی ٹیم انگلینڈ میں ہے۔ آصف علی اور محمد عامر ورلڈ کپ ٹیم میں شامل نہیں ۔ آصف علی کی ورلڈ کپ میں شمولیت یقینی ہے۔ ٹیم انتظامیہ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف کی بولنگ فارم سے پریشان ہے۔انہیں واپس بھیجا جاسکتا ہے۔ شاہین آفریدی کی فیلڈنگ بھی مسائل پیدا کررہی ہے۔ لگ رہا ہے فہیم اشرف اور اوپنر عابد علی ورلڈ کپ کی 15 رکنی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ آئی سی سی کی ڈیڈ لائن کے مطابق 23مئی تک پندرہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرنا ہے۔ انگلینڈ کیخلاف سیریز کے بعد ورلڈ کپ کے لئے پندرہ کھلاڑیوں کےناموں کو حتمی شکل دی جائیگی۔ اس مقصد کیلئے پیر کو انضمام الحق ،مکی آرتھر اور سرفراز احمد کے درمیان میٹنگ ہوگی۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرینٹ برج میں محمد حسنین ، محمد حفیظ اور شعیب ملک کو کھلایا جائے گا۔ توقع ہے کہ حارث سہیل، شعیب ملک اور محمد حفیظ پانچویں بولر کی جگہ دس اوورز کرائیں گے۔ناکامی پر حسنین کیلئےٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر آخری دونوں ون ڈے میں حصہ نہیں لے سکیں گے انہیں بغیر میچ کھلائے ورلڈ کپ ٹیم میں شامل کرنا ہوگا۔

تازہ ترین