لاہور (خالد محمود خالد) بھارتی تاریخ میں وزیراعظم نریندر مودی اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں ایک بھی پریس کانفرنس نہ کرنے والے پہلے وزیراعظم بن گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا نے مودی کی اس حوالے سے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے دور میں کوئی ایک کام بھی نہیں کیا جس حوالے سے وہ بھارتی میڈیا کے سوالوں کا سامنا کر سکتے۔ ایک معروف بھارتی خاتون صحافی عارفہ خانم شیروانی نے ایک ٹی وی پرگرام میں مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال آزاد میڈیا سے بچنے والے مودی آج کل لگاتار انٹرویوز دے رہے ہیں۔ لیکن صحافیوں کو تمام سوالات وزیر اعظم ہائوس پہلے سے لکھ کر ان کو بھجوا دیتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ مودی نے اب تک جتنے بھی انٹرویو دئیے انہیں سوالوں کے جوابات دینے میں پریشانی نہیں ہوئی۔ حال ہی میں ایک انٹرویو سے قبل مودی کو ایک فائل دی گئی جس میں لکھے گئے سوالوں کے اسکرین شاٹ لے لئے گئے جو مودی کے ہاتھ میں تھے اور وہ ہوبہو وہی سوال تھے جو انٹرویو لینے والا ان سے پوچھ رہا تھا۔