• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

20 مئی تک ادویات کی قیمتیں کم کرکے 75 فیصد تک لائی جائیں ورنہ ڈرگ کورٹ جائیں گے، معاون خصوصی صحت

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ20 مئی تک ادویات کی قیمتیں کم کرکے 75فیصد تک لائی جائیںورنہ ڈرگ کورٹ جائینگے، فارما انڈسٹری مرضی سے ادویات کی قیمتیں بڑھا دیتی ہے،تمام شراکت داروں کیساتھ ملکر قومی ادویات پالیسی تیار کر رہے ہیں، معیار اور قوانین سمیت تمام مسائل حل، قیمتوں کو غریب طبقے کی پہنچ میں لائینگے، موجودہ حکومت عمران خان کے وژن کےمطابق صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے، آئندہ 3سال میں انقلاب لائیں گے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو مثالی اتھارٹی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ 2018ءمیں 464 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جبکہ بہت سی ادویات مارکیٹ سے غائب کردی گئیں جس کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، 31 دسمبر 2018ءکو 889 ادویات کو ایس آر او میں شامل کیا گیا جس کے تحت ادویات کی قیمتیں طے کی گئیں، 464 ادویات کی قیمتوں میں مناسب اضافہ کیا گیا، 395 کی قیمتوں میں کمی کی گئی جبکہ 30 ادویات ایسی تھیں جن کی قیمتوں میں ردوبدل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادویہ ساز کمپنیاں 20 مئی 2019ءتک ادویات کی قیمتیں 75 فیصد تک لے آئیں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو ڈرگ کورٹ سے رابطہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صحت کے شعبہ میں بہتری کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے جس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ 2 سے 3 سال تک موجودہ حکومت کے موثر اقدامات سے اس شعبہ میں انقلاب لائیں گے اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو مثالی اتھارٹی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن صحت کے شعبہ میں غریب طبقہ کو تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ادویات کی قیمتوں کو غریب طبقہ کی پہنچ میں لائیں گے، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ادویات کی ریگولیشن ٹھیک نہیں ہوئی جس کی وجہ سے فارما انڈسٹری کو جب موقع ملتا ہے وہ ادویات کی قیمتیں بڑھا دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2002ءسے 2013ءتک ادویات کی قیمتوں کو منجمد کردیا گیا۔

تازہ ترین