• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سودی نظام ختم کردیں ،پاکستان دن رات ترقی کرےگا،علی محمد

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہاہے کہ آئی ایم ایف شیطان کا شکنجہ ہے اس سے نکلیں گے، عمران خان آئی ایم ایف کے پاس خوشی سے نہیں مجبوری میں گئے ہیں،سود ی نظام ختم کردیں تو پاکستان دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے گا۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں متحدہ مجلس عمل کے رہنما مولانا عبدالاکبر چترالی اور اسلامی نظریاتی کونسل کے سینئر ریسرچ آفیسر مفتی غلام ماجد بھی شریک تھے۔مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ ،ملک کے اندر سودی کاروبار فوری ختم کرنے کا فیصلہ کیا جائے، بیرونی قرضوں پر سود سے نکلنے کیلئے مشاورت سے طریقہ کار وضع کرنا ہوگا، معیشت کوسود سے پاک کرنے کا عام آدمی کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا، بینک سے قرضہ لینے والوں کے گھر تک فروخت ہونے کی نوبت آجاتی ہے۔مفتی غلام ماجد نے کہا کہ قرآن میں حرام قرار دیئے گئے ربا اور بینکو ں میں رائج سود میں کوئی فرق نہیں ہے، حکومت پہلے مرحلہ میں اپنے اداروں میں سود کو ختم کرے، اسٹیٹ بینک حکومت اور صوبوں کو دیئے جانے والے قرضے پر سود ختم کرے،ڈیبٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ کے متبادل بھی اسلامی بینکوں کے پاس موجود ہیں۔علی محمد خان نےمزید کہا کہ قائداعظم پاکستان میں بینکنگ نظام اسلام کے مروجہ اصولوں پر قائم کرنا چاہتے تھے، خیبرپختونخوا میں سود کیخلاف قانون سازی کی جاچکی ہے، حکومت نے قومی اسمبلی میں بل کو سپورٹ کیا جبکہ اپوزیشن سے بھی مخالفت نہیں آئی، ستر سال سے جاری نظام سے بیک جنبش قلم نکلتے ہیں تو مشکلات آئیں گی، سودی نظام ختم کردیں تو پاکستان دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے گا۔ علی محمد خان نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے مجھے ہدایت دی ہے کہ پی ٹی اے سے کہیں کہ فحش یا اسلام کیخلاف چیزوں کو روکنے سے متعلق رپورٹ پیش کریں، جاپان کی ٹویوٹا کمپنی سودی نظام کا حصہ نہ ہونے کی وجہ سے عالمی معاشی بحران سے بچ گئی تھی، آئی ایم ایف شیطان کا شکنجہ ہے اس سے نکلیں گے، عمران خان آئی ایم ایف کے پاس خوشی سے نہیں مجبوری میں گئے ہیں۔
تازہ ترین