• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احساس رمضان میں حضرت خدیجہؓ کی خدمات کو خراج عقیدت

کراچی (محمد ناصر) رمضان المبارک کا پہلا عشرہ جسے ”رحمت“ کہا جاتا ہے پلک جھپکتے ہی اختتام پذیر ہوگیا ہے ، لیکن رحمتوں، برکتوں اور نیکیوں کی بارشیں اب بھی اللہ کے مہمانوں پر برس رہی ہیں۔ ”جیو ٹی وی“ کی براہ راست خصوصی نشریات ”احساس رمضان“ دسویں روز اُم المومنین سیدہ خدیجہؓ کے یوم وصال پر اُن کے ذکر سے پُر نور رہی اور اسلامی خدمات پر اُنہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی اور مفتی عمران الحق کلیانوی نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیاری زوجہ، طیبہ، طاہرہ اور ملکہ عرب حضرت خدیجہؓ کی سیرت پر سحر و افطار نشریات میں قرآن و سنت کی روشنی میں خصوصی گفتگو کی۔ علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے کہا کہ کائنات میں رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سب سے افضل و اعلیٰ ہیں اور صحابہؓ و اہل بیت کی عزت ، عظمت اور اہمیت رسول کریم ہی کی نسبت و برکت سے ہے اور ہم پر ان سب کی تعظیم و توقیر لازم ہے اور ان سے محبت و عقیدت اور ان کی پیروی میں ہی ہماری کامیابی اور نجات ہے ۔ انہوں نے ام المومنین حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کو والہانہ خراج عقیدت پیش کیا۔ سرجانی ٹاؤن کراچی کی نسرین جب 8 سال کی تھی تو چولہا پھٹنے سے اس کا چہرہ جھلس گیا اور وہ دُنیا کیلئے ناقابل قبول ہوگئی۔ 15 سال کی عمر میں اُس کی ماں نے نسرین کی شادی بڑی عمر کے آدمی سے کردی۔ شوہر کا ساتھ بھی زیادہ عرصہ نہیں چل سکا۔ نسرین بی بی کا بیٹا پیدائشی پولیو کا مریض ہے، معذور بیٹے کو نسرین پڑھا تو نہ سکی البتہ اسے کڑھائی کا کام سکھا دیا تاکہ وہ مستقبل میں کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلاسکے۔ نسرین نے احساس رمضان کے سیگمنٹ ”جذبہ خدمت“ میں اپنے معذور بیٹے کا اچھا مستقبل اور سر چھپانے کیلئے چھت کی درخواست کی۔ رابعہ انعم نے مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل کی تو بذریعہ ٹیلیفون سرگودھا سے ایک شخص نے اِس خاندان کیلئے گھر اور معذور بیٹے کے کاروبار کیلئے مجموعی طو رپر 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ میر پور خاص کے رہائشی محمد اصغر کے دو بچے علی شیر اور ثناءتھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا ہیں۔ یہ دونوں بہن بھائی سیگمنٹ ”ننھی سی خواہش“ میں آئے ۔ اِن دونوں بچوں کو ہر15 دِن میں خون لگانے کراچی کے اسپتال لایا جاتا ہے۔ خرچہ بچانے کیلئے اکثر اِن کے والد بچوں کے ساتھ اسپتال کے باہر ہی سو جاتے ہیں۔ علی شیر نے موبائل لیکر اُس پر گیم کھیلنے جبکہ ثناءنے موبائل کے ساتھ اچھی سی گڑیا لینے کی بھی خواہش کا اظہار کیا ۔ رابعہ انعم نے علی شیر کو سائیکل جبکہ ثناءکو بڑے سائز کی خوبصورت گڑیا دیکر اُن کی خواہش کو پور کیا۔ کئی قیمتی تحائف اِن کے والد کو بھی دیئے گئے۔ علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے تھیلیسمیا کے مرض میں مبتلا اِن بچوں سمیت تمام بیماروں کی شفا کیلئے خصوصی دُعا کی۔ حضرت خدیجہؓ کے حوالے سے منتخب کئے گئے اسلامی سوالوں پر مشتمل کوئز شو ”رب زدنی علمائ“ میں لیاقت علی خان، علامہ اقبال اور محمد علی جناح کے درمیان مقابلہ ہوا اور ٹیم ”علامہ اقبال“ نے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ماڈل، گلوکار اور اداکار جنید خان اس ٹرانسمیشن کے مہمان تھے۔ میزبان رابعہ انعم سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ بچپن میں خاموش طبیعت انسان تھا، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ میں شوبز یا میوزک انڈسٹری میں آؤں گا۔ تعلیم مکمل کی، کئی ملازمتیں بھی کیں لیکن جہاں قسمت میں لکھا ہوتا ہے انسان وہیں آتا ہے اس لئے میں اس انڈسٹری میں آگیا۔ اُنہوں نے کہا کہ منفی کردار ادا کرنے کا ایک نقصان یہ ہوتا ہے کہ پسند کرنے والی خواتین بھی اپنا سارا غصہ مجھ پر نکال دیتی ہیں۔ روزہ کشائی میں مشکوة نے اپنا پہلا روزہ رکھا۔ شیف ناہید انصاری نے کباب رول اور املی و آلو بخارے کا شربت بنایا۔ ”کھانا گھرانہ“ میں سویاں اور کباب بنانے کا مقابلہ ہوا۔ ”مکافات“ میں اس بار ”آزمائش“ کے موضوع پر کہانی دکھائی گئی جس میں ایک خاتون اپنے بچوں کی خواہشات کو قربان کرکے ماسی کی بیٹی کی شادی کیلئے لاکھوں روپے ادا کردیتی ہے۔ اس کے بعد بچے اپنی ہی ماں کے خلاف ہو جاتے ہیں اور جب اُنہیں معلوم ہوتا ہے کہ ماں نے پیسہ ایک غریب کی بیٹی کی شادی پر لگایا ہے تو اُنہیں اپنی والدہ پر فخر ہوتا ہے۔
تازہ ترین