• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختوانخوا ،کرپشن کے میگا اسکینڈلز پر کوئی ٹھوس پیشرفت نہ ہوسکی

پشاور(ارشد عزیز ملک )قومی احتساب بیور و خیبرپختونخوا صوبے کے میگا اسکینڈلز پر ایک سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں کرسکا ،ہیلی کاپٹر ٗبلین ٹری سونامی ٗاحتساب کمیشن کے پی اور بینک آف خیبرسمیت کئی اہم بیوروکریٹس کے خلاف کیسز میں کے پی نیب کی کارکردگی مایوس کن رہی۔مالم جبہ سکینڈل کی تحقیقات مکمل ہونے کے باوجود ریفرنس دائر کرنے کی منظوری کامعاملہ کھٹائی میں پڑ گیا بی آرٹی کیس پر حکم امتناعی کو 9 ماہ گزر گئے ، افسران کی ناقص تفتیش و پراسیکوشن کی عدم دلچسپی کے باعث پچھلے 1سال کے دوران کئی ریفرنس خارج ہوچکے ہیں۔ہیلی کاپٹر ٗبلین ٹری سونامی ٗاحتساب کمیشن اور بینک آف خیبرسمیت کئی اہم میگا سکینڈلز میں نیب خیبرپختونخوا کی کارکردگی مایوس کن رہی جبکہ تحقیقاتی افسروں کی ناقص کارکردگی اور پراسیکویشن کی عدم دلچسپی کے باعث پچھلے ایک سال کے دوران کئی ریفرنس خارج ہوچکے ہیں۔بس ریپڈ ٹرانزٹ کی تحقیقات کے دوران سپریم کورٹ نے 4 ستمبر 2018 کو نیب کو کاروائی سے روک دیا تھا جس کے بعد حکم امتناعی کے اخراج کے لئے نیب نے تاحال کوئی کوشش نہیں کی۔صوبائی نیب کے پاس سات پراسیکیوٹرز ہیں جبکہ بیورو کوپانچ پراسیکیوٹرزکی کمی کا بھی سامنا ہے جن کی بھرتی کا عمل جاری ہے۔صوبے میں میگا سیکنڈلز کی تحقیقات کے دوران ڈی جی نیب فرمان اللہ کو تبدیل کرکے مجاہد اکبر بلوچ کوڈی جی نیب خیبرپختونخوا تعینات کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وہ کوئٹہ بیورو میں ڈائریکٹر ہیومن ریسوس کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے اور ان کا انوسٹی گیشن میں کوئی قابل زکر تجربہ نہیں۔تفصیلات کے مطابق چیئر میں نیب جسٹس ر جاوید اقبال نےعوامی شکایات کی روشنی میں اہم نوعیت کے میگا سکینڈلزکی تحقیقات کے لئے نیب خیبرپختونخوا کو احکامات جاری کئے لیکن نیب کے پی کے افسر ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود کسی بھی کیس کو منطقی انجام تک نہ پہنچاسکے حالانکہ چیئر مین نیب کے واضح احکامات موجود ہیں کہ تمام کیسز کو دس ماہ کے عرصے میں مکمل کیا جائے۔ بدھ کے روز نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال نے ایک مرتبہ پھر دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ نیب احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہےاور میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے ۔
تازہ ترین