• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

8 افراد کی شہادت پر مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال

قابض بھارتی فوج کے مظالم اور کشمیریوں کی شہادت پر مشترکہ حریت قیادت کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے۔

مکمل ہڑتال کے باعث سڑکیں سنسان، کاروباری اور تعلیمی مراکز بند ہیں، گزشتہ روز قابض بھارتی فوج نے 8 کشمیریوں کو شہید کیا تھا۔

ہڑتال کی اپیل سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کی جانب سے دی گئی ہے۔

مشترکہ حریت قیادت نے اپنے جاری کیے گئے بیان میں کشمیری نوجوانوں سے پرامن احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے، بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاج جمعے کی نماز کے بعد کیا جائے گا۔

حریت رہنماؤں نے اپنے بیان میں بھارتی حکوت پر مقبوضہ کشمیر کو جنگی میدان میں تبدیل کرنے کا الزام بھی لگایا ہے۔

گزشتہ روز پلوامہ، شوپیاں اور بارہ مولہ کے اضلاع میں بھارتی فوج نے 8 کشمیریوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق قابض بھارتی فوجیوں نے 3 کشمیری نوجوانوں نصیر پنڈت، عمر میر اور خالد احمد کو ضلع پلوامہ کے علاقے ڈالی پورہ میں محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا جبکہ ایک مکان کو بھی دھماکے سے تباہ کر دیا۔

ڈالی پورہ میں ہی پر امن مظاہرین پر قابض بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے رئیس احمد ڈار نامی ایک اور نوجوان شہید جبکہ اس کا بھائی یونس احمد ڈار زخمی ہو گیا، یہ دونوں فوجیوں کی طرف سے تباہ کیے گئے مکان کے مالک کے بیٹے بتائے جا رہے ہیں۔

ادھر شوپیاں کے علاقے ہاندیو میں بھی بھارتی فوج کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران 3مزید کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔

اس بھارتی درندگی پر پاکستان نے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو ملٹری کیمپ میں تبدیل کر دیا ہے۔

تازہ ترین