• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ کو جیت کے لئے 341 رنز کا ہدف دیا ہے۔

بابر اعظم نے 115 رنز یک اننگز کھیل کر ون ڈے کیریئر میں اپنی 9 ویں سنچری بنائی۔

ناٹنگھم میں فخرزمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، ابھی چوتھے اوور کا کھیل جاری تھا کہ ووڈ کی تیز رفتار بال کو پل کرنے کی کوشش میں گیند امام الحق کی کہنی پر جالگی۔

تکلیف کی وجہ سے وہ کھیل جاری نہ رکھ سکے اور3 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر پویلین واپس چلے گئے، اُس وقت ٹیم کا اسکور 9 رنز تھا۔

امام الحق کے بعد بابر اعظم بیٹنگ کے لئے آئے اور فخرزمان کے ساتھ مل کر تیزی سے اسکور میں اضافہ کیا، اس دوران دونوں بیٹسمینوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

ٹیم کا اسکور جب 116 پر پہنچا تو فخر زمان 57 رنز بناکر کرن کی گیند پر ووڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

فخرزمان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ میدان میں اُترے اور بابر اعظم کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا اور ٹیم کا اسکور 220 تک پہنچادیا، محمد حفیظ 59 رنز کی اننگز کھیل کر بابر اعظم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

پانچویں نمبر پر شعیب ملک بیٹنگ کے لئے آئے، اس دوران بابر اعظم نے اپنی سنچری مکمل کی جو ایک روزہ میچوں میں ان کی 9 سنچری ہے۔

مجموعی اسکور 249 ہوا تو بابراعظم 115 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 13 چوکے شامل تھے۔

آصف علی 17 رنز بنائے، اُنہیں ووڈ نے باؤنڈری لائن پر شاندار کیچ لے کر آؤٹ کیا۔

سرفراز احمد 21 اور امام الحق 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں پاکستان نے مقررہ پچاس اوور میں 7 وکٹوں پر 340 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی طرف سے کرن نے چار، ووڈ نے 2 اور آرچر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کی ٹاس کی جیت کر فیلڈنگ

چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں وہ بھی فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کرتے۔

سرفراز کا کہنا ہے کہ ہمیں انگلینڈ سے زیادہ مثبت کرکٹ کھیلنی ہوگی، ہم بالکل تیار ہیں۔

پاکستان نے تین تبدیلیاں کی ہیں، شعیب ملک، محمد حفیظ اور محمد حسنین کو سیریز میں پہلی بار ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ نے پانچ تبدیلیاں کی ہیں، معطل ایون مورگن کی جگہ جوز بٹلر جبکہ جیمسن ونس، جوفرا آرچر، مارک ووڈ اور عادل رشید کی واپسی ہوئی ہے۔

پانچ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔

دورہ انگلینڈ کے دوران قومی ٹیم اب تک کوئی بھی میچ جیت نہیں سکی ہے جبکہ گرین شرٹس واحد ٹی20 میں بھی 7 وکٹ سے شکست کھا چکی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔

دوسرے ون ڈے میں دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ 12 رنز سے کامیاب رہا جب کہ تیسرے میچ میں گرین شرٹس کو 6 وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔

تازہ ترین