• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوتھا ون ڈے، انگلینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹ سے شکست دیدی

ناٹنگھم میں بھی قومی ٹیم کی ناکامیوں کا سلسلہ جاری رہا۔چوتھے ون ڈے میں انگلینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹ سے شکست دیدی۔

 اس طرح انگلینڈ کو اب 5 میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔

سیریز کا آخری ون ڈے میچ اتوار کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کے 341 رنز کے ہدف کا تعاقب انگلینڈ نے جارحانہ انداز میں کیا اور ہدف 49.3 اوور میں حاصل کرلیا۔ 

میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ 94 رنز پر اس وقت گری جب جیمزونس کو محمد حسنین نے 43 رنز پر بولڈ کیا۔

دوسرے اوپنر جیسن روئے 114رنز بنا کر محمد حسنین کا ہی شکار بنے۔

208 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کی تیسری وکٹ جو روٹ کی گری۔ وہ 36 رنز بنا کر عماد وسیم کی بال پرآؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کے جو ڈینلی17 اور ٹام کرن نے 31 رنز بنائے جبکہ معین علی اور جوز بٹلر صفر پر آؤٹ ہوئے۔

بین اسٹوکس 71 اور عادل رشید 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین اور عماد وسیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جب کہ جنید خان، حسن علی اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کرپاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ 

ناٹنگھم میں فخرزمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ چوتھے اوور کا کھیل جاری تھا کہ ووڈ کی تیز رفتار بال کو پل کرنے کی کوشش میں گیند امام الحق کی کہنی پر لگی۔

جس کےبعد وہ کھیل جاری نہ رکھ سکے اور3 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر پویلین واپس چلے گئے، اُس وقت ٹیم کا اسکور 9 رنز تھا۔

امام الحق کے بعد بابر اعظم بیٹنگ کے لئے آئے اور فخرزمان کے ساتھ مل کر تیزی سے اسکور میں اضافہ کیا، اس دوران دونوں بیٹسمینوں نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

ٹیم کا اسکور جب 116 پر پہنچا تو فخر زمان 57 رنز بناکر کرن کی گیند پر ووڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

جس کے بعد محمد حفیظ میدان میں اُترے اور بابر اعظم کے ساتھ مل کر اننگز کو  آگے بڑھایا اور ٹیم کا اسکور 220 تک پہنچادیا، محمد حفیظ 59 رنز کی اننگز کھیل کر بابر اعظم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

پانچویں نمبر پر شعیب ملک بیٹنگ کے لئے آئے، اس دوران بابر اعظم نے اپنی سنچری مکمل کی جو ایک روزہ میچوں میں ان کی 9 ویں سنچری ہے۔

مجموعی اسکور 249 ہوا تو بابراعظم 115 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 13 چوکے شامل تھے۔

آصف علی نے 17 رنز بنائے، اُنہیں ووڈ نے باؤنڈری لائن پر شاندار کیچ لے کر آؤٹ کیا۔

سرفراز احمد 21 اور امام الحق 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں پاکستان نے مقررہ پچاس اوور میں 7 وکٹوں پر 340 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی طرف سے کرن نے چار، ووڈ نے 2 اور آرچر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تازہ ترین