• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھیلیسیمیا کا ننھا مریض ایک دن کا پولیس افسر بن گیا

کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے تھیلیسیمیا کے مریض بچے کی پولیس افسر بننے کی ’ننھی سی خواہش‘ پوری کر دی، 9 سالہ یوحنا سجاد کو اس کی خواہش پر ایک دن کیلئے پولیس سب انسپکٹر بنا کر کلفٹن میں ڈیوٹی بھی کرائی گئی۔


کراچی کے رہائشی 9 سالہ یوحنا سجاد کئی سالوں سے تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا ہے، بچے کی طرف سے جیو ٹیلی ویژن کے سلسلے ’ننھی سی خواہش‘ میں ایک دن کیلئے پولیس سب انسپکٹر بننے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔

یوحنا کی ’ننھی سی خواہش‘ پوری کرنے کیلئے جیو ٹی وی نیٹ ورک کی جانب سے کراچی پولیس چیف اور ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ سے درخواست کی گئی جس پر انہوں نے بچے کی خواہش پوری کرنے کے لیے ’والنٹیرز ان پولیس سروس‘ کو انتظامات کرنے کے لیے کہا۔

وی آئی پی ایس کے عہدیدار یاور چاولہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے بچے کی مکمل یونیفارم فارم کا انتظام کیا گیا اور اسے ساؤتھ پولیس کی موبائل فراہم کی گئی۔

9 سالہ پولیس سب انسپکٹر یوحنا سجاد پولیس موبائل میں کلفٹن میں ڈولمین مال کے قریب چورنگی پر پہنچے جہاں ساؤتھ پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی فینسی نمبر پلیٹس، سیاہ شیشوں اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف خصوصی چیکنگ جاری تھی۔

اس موقع پر ننھے پولیس افسر نے گاڑیوں کی چیکنگ کی کاغذات دیکھے اور خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کے چالان کرنے کے احکامات دیئے۔

علالت کی بنا پر 9 سالہ پولیس سب انسپکٹر یوحنا کی طبیعت خراب تھی مگر وہ ڈیوٹی کرتا رہا، اس دوران ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل، ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ، ایس پی سوائے عزیز، وی آئی پی ایس کے عہدیدار یاور چاولہ پولیس کی اس خصوصی مہم اور تقریب کی نگرانی کر رہے تھے۔

یوحنا سجاد کی ننھی سی خواہش پر عملدرآمد کرنے پر ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا، انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ یوحنا سجاد نے بطور پولیس افسر اپنی ڈیوٹی خوب نبھائی ہے، گاڑیوں کی چیکنگ کی اور قوانین کی خلاف ورزی پر شہریوں کو جرمانے کے ساتھ ساتھ رہنمائی کی خدمات سرانجام دیں۔

ڈی آئی ڈی شرجیل کھرل کے مطابق یہی نہیں کراچی پولیس کی جانب سے یوحنا کے علاج کے سلسلے میں بھی مدد کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر ایس ایس پی ساوتھ پیر محمد شاہ نے بتایا کہ ایک ننھے پولیس افسر نے جس طرح شہریوں کو قوانین کی خلاف ورزی نہ کرنے کا پیغام دیا ہے اس سے جرائم کی سرکوبی میں مدد ملے گی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ کی جانب سے ڈی آئی جی ساؤتھ زون شرجیل کھرل نے 9 سالہ پولیس افسر یوحنا سجاد کو تحائف پیش کیے، جبکہ ساؤتھ پولیس کی جانب سے بھی ایس ایس پی پیر محمد شاہ نے بھی ایک دن کے پولیس افسر کو تحفہ دیا۔

تازہ ترین