• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا گیس قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے گیس کی قیمتوں میں 45 فیصد سے زائد کے اضافے کی مذمت کی اور کہا کہ گیس قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، اضافہ فوری واپس لیا جائے۔

انہوں نےکہا کہ نیازی حکومت ملکی امور چلانے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے،قوم سب سے بڑی تبدیلی یہ چاہتی ہے کہ نااہل اور نالائق ٹولا تبدیل ہو جائے۔

اپوزیشن لیڈرکا کہنا تھا کہ وقت ثابت کر رہا ہے نیازی صاحب لوگوں کو صرف گالیاں دے سکتے ہیں،ملک گالیاں دینے سے نہیں چلتے، تنخواہ دار طبقے کو تنخواہ میں کم از کم 10ہزار روپے کا فوری ریلیف دیا جائے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ گیس، بجلی، پٹرول،اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے،مہنگائی اور معاشی صورتحال دیکھتے ہوئے کم از کم تنخواہ 30ہزار کی جائے۔

انہوں نے استفسار کیا کہ اتنی مہنگائی میں عوام کیسے زندہ رہیں گے؟ کاروبار کیسے ہوگا؟ اور یہ بھی کہا کہ ملکی معیشت اسی طرح ڈوبتی رہی تو قومی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ نالائق اور نااہل ٹولہ ملک و قوم کے مفاد پر تجربات کے بجائے گھر چلا جائے، نیازی صاحب کی نالائقی نے معیشت کو ایشیا کی بدترین معیشت بنا دیا۔

تازہ ترین