• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں ابہام نہیں، FBR افسروں کی گرفتاری اختیارات واپس لینا چاہتا ہوں، چیئرمین ایف بی آر

کراچی ( اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا ہےکہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں ابہام نہیں،ایف بی آر افسروں کے گرفتاری اختیارات واپس لینا چاہتا ہوں، اسمگلنگ غیر شرعی ہے، تاجر احتجاج نہ کرنیکی یقین دہانی کروائیںتو چھاپے مارنے کا حکم دونگا،افغان ٹرانزٹ کے علاوہ بھی اسمگلنگ ہورہی ہے،ملک کی تمام مارکیٹوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائیگا، ودہولڈنگ ٹیکس ریفنڈ کرینگے، خام مال کے کچھ آئٹمز پر ریلیف مل سکتا ہے سب پر نہیں،مانتا ہوں نیب اور ایف آئی اے کے نوٹس خوف پھیلا رہے ہیں، خوف و ہراس کے ماحول کو کم کرنے جارہے ہیں، کاروباری برادری روز گار فراہمی کا بڑا ذریعہ ہے اس لیے انکی عزت کرتا ہوں، ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کیلئے جلد قوانین جاری کردیے جائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےہفتے کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجربرادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین ایف بی آرنے کہا کہ ہم پاکستان میں حرام کو حلال کرنے کی اسکیم نہیں لاسکتے،نئی ٹیکس ایمسنٹی اسکیم میں کسی قسم کی کوئی ابہام نہیں، اسکیم کیلئے فنانس بل میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی جائیگی، اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کیلئے جلد قوانین جاری کیے جارہے ہیں، کراچی چیمبر ٹیکس کم کرنے کا حل بتادے میں بجٹ سے پہلے آپکا مسئلہ حل کردونگا،چند خام مال پر تو ریلیف دیا جاسکتا ہے سب پر ٹیکس چھوٹ نہیں ملے گی،ہماری انڈسٹری کو فراڈ کیلئے استعمال کیا گیا،غلطیاں ہمارے لوگوں کی بھی ہے،ویلیو ایشن کمیٹی کی رپورٹس سے میں مطمئن نہیں ہوں اورویلیو ایشن کمیٹی کا میکنزم آئندہ ہفتے ریویو کیا جائیگا۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سیاسی ایشو ہے، افغان ٹرانزٹ کے علاوہ بھی پاکستان میں اسمگلنگ کی جارہی ہے،اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، بندر گاہوں پر انسداد اسمگلنگ پر کام جاری ہے، تاجربرادری بھی اس ضمن میں اپناکردار اداکرے، دکانوں پر اسمگل اشیا فروخت کرنے والوں کیخلاف بزنس کمیونٹی خود بھی اپنا کردار ادا کرے اور تاجربرادری ماہ رمضان کے احترام میں اسمگل شدہ اشیاء کی فروخت ازخود بند کریں کیونکہ اسمگل اشیاء بیچنا بھی شرعی اصولوں کیخلاف ہے۔چیئرمین ایف بی آر نے کراچی چیمبر کی قیادت سے سوال کیا کہ کیا اسمگل اشیا کی فروخت درست اقدام ہے،اسمگل چیزیں بیچنا جرم ہے ناں تو پھر ہم آج سے ہی بازاروں میں اسمگل اشیا پر ریڈ مارتے ہیں پھر آپ لوگ ہڑتال اور احتجاج نہیں کرینگے، دکانوں اور انڈسٹریل کا ڈیٹا سامنے آنے کے بعد عوام کو بھی پتہ چل جائے گا ،کون ٹیکس دیتا ہے اور کون ٹیکس نہیں دیتا اس کا ڈیٹا عوام کے سامنے لاؤں گا اور میںپاکستان میں کتنی دکانیں اور انڈسٹریز ہیں اس کا مکمل ڈیٹابھی جلد سامنے لاؤں گا ، ایف آئی اے سے کہا ہے کہ کوئی کارروائی کرنی ہے تو پہلے ایف بی آرسے بات کریں،ڈالر کے حوالے سے گورنراسٹیٹ بینک سے کہوں گاوہ اپنی پوزیشن واضح کریں کہ انکے ذہن میں کیاہے۔شبر زیدی نے کہا کہ کراچی چیمبر میرا ہوم گرائونڈ ہے، صنعتکار کی عزت کرتاہوں یہ روزگار دیتے ہیں ، جو ڈالرکارونا رورہے ہیں وہ سال 2018 کے 36 ارب ڈالر کے تجارتی خسارے کاگناہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر کہتا ہے درآمد کے وقت خام مال پر تین اور چھ فیصد وود ہولنڈنگ نہیں ہونا چاہیے، درآمد خام مال پر وود ہولڈنگ ٹیکس نہیں ہونا چاہیے یہ درست ہے،اب کراچی چیمبر فہرست دے کہ کون سی اشیا درآمد خام مال ہے ، وہ درآمدی اشیا بتادیں جو خام مال میں آتا ہے اس پر فوری اقدامات کئے جائینگے، درآمد خام مال پر کس طرح سے ڈیوٹی وصول کی جائے اس کیلئے تمام فارمولے ہر کام کیا گیا، ایف بی آر کوخام مال کی درآمدپر وصول کردہ ودہولڈنگ ٹیکس بالآخر ریفنڈ کرناہوگا،177 کا آڈٹ سال میں ایک مرتبہ اور وہ بھی چند لوگوں کا ہوگا۔ شبر زیدی نے کہا کہ آج فیصلہ کرلیتے ہیںکہ غلط کام میں ملوث ایف بی آر کے دو آفیسر میں بند کراتا ہو ں اور بزنس مین بھی غلط کام کرنے والے افراد کو گرفتار کرائیں،ایک شخص نے سوئزرلینڈ سے اپنے اثاثے سنگاپور ٹرانسفر کئے اور سنگاپور سے تفصیلات ہم تک پہنچی ہیں،بہت سے لوگ ایسے ہیں جنہوں نے اپنے تین اکائونٹس ظاہر کئے ایک اکائونٹ چھپا لیا،ادارے کے علاوہ جوشخص آپکے کھاتوں کی تفصیلات دیگا میں اعلان کرتا ہوں اس شخص کو گرفتار کرادوں گا۔انہوں نے کہا کہ آج کے ماحول میں آڈٹ کرنا گناہ بے لذت ہے اور آدمی گناہ وہ کرے جس میں ثواب ہو۔انکا مزید کہنا تھا کہ کرنسی اسمگلنگ کو روکنے کی ضرورت ہے،دنیا میں کہیں ایکس چینج کمپنیاں نہیںہیں لیکن پاکستان میں بے خوف کام کررہی ہیں،ہم حوالہ ہنڈی کو سیٹل کرنے کی کوشش کرینگے۔ اس موقع پر صدر کراچی چیمبر جنیدماکڈا ،بزنس کمیونٹی کے لیڈرسراج قاسم تیلی،زبیرموتی والا،طاہر خالق،انجم نثار،ہارون فاروقی ،زکریا عثمان،اے کیوخلیل اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ جاوید بلوانی،سلیم پاریکھ،عارف لاکھانی،شوکت احمد اور دیگر تاجررہنما بھی موجود تھے۔

تازہ ترین