• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کو نیت کی مار پڑ رہی ہے، افطار کے نام پر جمہوری حکومت کے خلاف سازش افسوسناک ہے، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد ،لاہور(نمائندہ خصوصی،خبرایجنسیاں) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ افطارپارٹی کے نام پر منتخب حکومت کیخلاف سازش افسوسناک ہے، اپوزیشن کو اپنی نیت کی مار پڑ رہی ہے، یہ صرف اپنی دولت اور اولاد کے مستقبل کے بارے میں فکرمند ہیں، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور ریلوے اسٹیشن کے قریب بننے والی پناہ گاہ کا دورہ بھی کیا، ادھر نعیم الحق اور شیخ رشید نےکہا ہےکہ اپوزیشن تحریک چلانے کا شوق پورا کرلے، اس کے ہاتھ کچھ آنے والا نہیں۔ انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ رمضان کا ماہ مقدس حقوق اللہ اور حقوق العباد کا حسین امتزاج ہوتا ہے،بد قسمتی سے اس بابرکت مہینے میں عوام کو مسائل کا روزہ رکھوانے والے افطاریوں کی آڑ میں ذاتی، سیاسی اور کاروباری مفادات کے تحفظ میں مصروف عمل ہیں۔دریں اثنا ایک انٹرویومیں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملک کا اپنا وجود خطرے میں ہے ، پہلے اس کو بچانا ہے پھر آگے بڑھنا ہے، کان کو اگر دائیں جانب سے پکڑیں یا بائیں جانب سے پکڑیں اگر اس کااثر عوام پر آنا ہے تو پھر ہم معاشی اصلاحات کی طرف کیوں نہ جائیں جو معیشت کو درست سمت میں لے کے جاسکتی ہیں۔ اوگرا نے گیس کی قیمت بڑھانے کی سفارش کی ہے تاہم یہ ضروری نہیں کہ حکومت اوگرا کی ہر سفارش مانے، سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلما ن کی پاکستان آمد پر 20 کروڑ روپے کی کرائے پر گاڑیاں لینے کی خبر کی مذمت نہیں کرتی ،اس خبر کی تردید کرتی ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہمار اہاتھ عوام کی نبض پر ہے، ڈالر کی قیمت کا تعین مارکیٹ فورسز کرتی ہیں، جہاں حکومت کی ذمہ داری ہے وہاں میڈیا اور اپوزیشن کی بھی اتنی ہی ذمہ داری ہے کہ قیاس آرائیوں، غیریقینی کی صورتحال اور ایسی افوا ہوں اور ایسے تبصروں جن سے یہ تاثر ہو کہ روپیہ اور گرے گا ، سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس سے روپے پر دبائو بڑھے گا ،عمران خان جس ادارے کے ساتھ بیٹھ کر بریفنگ کرتے ہیں ، کوئی بھی ادارہ اٹھالیں ، کوئی بھی وزارت اٹھا لیں وہاں جو تباہی اور بربادی ہوئی ہے،دریں اثنا لاہور ریلوے اسٹیشن کے قریب بننے والی پناہ گاہ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تےہوئےفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بے گھر‘ بے سہارا‘مزدوروںاور محنت کشوں کیلئے وزیراعظم نے پناہ گاہیں بنا کر عوام سے محبت کا ثبوت دیا،سابق حکمرانوں نے اپنی اولادوں کو امیر بنانے کی پلاننگ کی اور غریب کو ختم کرنے کیلئے قرضے لیکر معیشت میں بارودی سرنگیں چھوڑ گئے،انہوں نے کہاکہ ایمنسٹی اسکیم نہیں ڈیکلریشن بل سامنے لائے ہیں، ڈیکلریشن معیشت کی بہتری کے لیے لا رہے ہیں،اپوزیشن نے منی لانڈرنگ کرکے پہلے پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا اور اب بلیک لسٹ کی تیاریاں ہورہی ہیں، انہوں نے کہاکہ پشاور کا بی آر ٹی منصوبہ چلے گا۔جبکہ وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی نعیم الحق نےایک انٹرویومیں کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی افطار پارٹی میں تمام چور ڈاکو اکٹھے ہورہے ہیں، وہی لوگ ہیں جن کاخمیازہ پاکستانی عوام بھگت رہے ہیں،حکومت این آر او کسی صورت اور قطعاً نہیں دیگی، این آر او دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔انہوں ے کہا کہ اختر مینگل سمیت کسی کو بھی دعوت دیں ہمیں اعتراض نہیں، ان لوگوں نے 10سال تک پاکستان کو لوٹا ۔

تازہ ترین