• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’احساس رمضان‘‘ نشریات میں محبتیں، خوشیاں اور تحائف تقسیم

کراچی (محمد ناصر) جیو ٹی وی کی براہ راست رمضان نشرت ’’احساس رمضان‘‘ میں 12 ویں روز بھی محبتیں، خوشیاں اور تحائف تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ دُکھی چہروں پر مسکراہٹیں بکھیری گئیں۔ حمد و نعت سے نشریات کا آغاز ہوا تو علامہ کوکب نورانی اوکاڑی اور مفتی عمران الحق کلیانوی نے ’’احساس برتری‘‘ کے موضوع پر قرآن و سنت کی روشنی میں گفتگو کی۔ معروف عالم دین علامہ کوکب نورانی نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ تکبر اور گھمنڈ سے انسان کو ذلت و رسوائی ہی ملتی ہے اور عاجزی و تواضع سے انسان رفعت و عظمت پاتا ہے، مٹی سے بننے والے اور مٹّی ہی میں جانے والے کو اکڑنا زیب نہیں دیتا ۔ شیطان اور نمرود و فرعون کا انجام جان کر کوئی فروتنی اور عاجزی نہ سیکھے تو وہ عقل مند نہیں۔ انہوں نے کہا رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے برابر تو کیا کوئی ان کے مثل بھی نہیں ہوسکتا لیکن وہ اللہ کی بارگاہ میں سب سے زیادہ عاجزی کرنے والے ہیں ۔ ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ ہم قدرت کے سامنے دم بھی نہیں مار سکتے۔ سیگمنٹ ’’ننھی سی خواہش‘‘ میں بلڈ کینسر کے مرض میں مبتلا بچے شاہ فیصل کو مدعو کیا گیا جس نے ٹیلی ویژن اسکرین پر آنے اور موبائل سے اپنی سیلفیاں بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ شاہ فیصل اسکرین پر تو آگیا اور میزبان رابعہ انعم کے ساتھ بھی خوب سیلفیاں بنوائیں۔ اس کے علاوہ شاہ فیصل بذریعہ جہاز اپنے گائوں ’’سوئی‘‘ جانا چاہتا تھا۔ اس موقع پر اسکائی ونگ ایوی ایشن کے عمران اسلم نے بذریعہ ٹیلیفون اس بچی کی یہ خواہش پوری کرنے کا اعلان کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ پیر کو شاہ فیصل کو پائلٹ کی سیٹ پر بٹھا کر فلائی کرائوں گا۔ ننھے شاہ فیصل نے میزبان بن کر روزہ کشائی کا حصہ بننے والے بچوں سے بھی گفتگو کی۔ اس کے علاوہ سیگمنٹ ’’میرا پہلا روزہ‘‘ کی مہمان ننھی فاریہ سے پہلے روزے کے حوالے سے کھٹی میٹھی باتیں کیں۔ کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں واقع کھڈا مارکیٹ میں 13سالہ علی گلشن جنگی جہاز کا پائلٹ بننے کے خواب سجائے، اپنے کام کیساتھ ساتھ پڑھائی میں بھی مشغول رہتا ہے۔ علی تین بہنوں کا اکلوتا بھائی ہے اس کے بوڑھے والد بازار میں پھر کر چیزیں فروخت کرتے ہیں جس سے گھر کا خرچ چلتا ہے۔ علی اپنے بوڑھے والد کا بوجھ ہلکا کرنے کی خاطر اسکول سے واپس آکر مارکیٹ میں اسٹال لگاتا ہے جو مغرب کے بعد سے رات 2 بجے تک چلتا ہے۔

تازہ ترین