• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسماعیل راہو نے گراں فروشوں کے خلاف کمر کس لی

صوبائی وزیر رسد و قیمت اسماعیل راہو نے گراں فروشوں کے خلاف کمر کس لی۔

صوبائی وزیر نے اتوار کو پرائز مجسٹریٹ کے ہمراہ کراچی کی مختلف مارکیٹوں میں چھاپے مارے۔


اسماعیل راہو نے گلشن اقبال اور بہادر آباد کی مارکیٹس میں اچانک چھاپے مارے،انہیں دیکھ کر 20سے زائد، سبزی،فروٹ، بکرے، مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے منافع خور دکانیں اور اسٹال چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

صوبائی وزیر نے اپنے اسٹال اور دکانیں چھوڑ کر فرار ہونے والے تمام منافع خوروں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا اور فرار ہونے والے دکان داروں کا سامان اٹھوا لیا۔

اسماعیل راہو کی موجودگی میں پرائز مجسٹریٹ نے 8منافع خوروں پر بھاری جرمانہ عائد کیا اور جیل بھی بھیج دیا جبکہ 2 منافع خوروں کو بکرے کا گوشت سرکاری نرخ پر نہ بیچنے پر جیل بھیجا گیا۔

کراچی میں بکرے کے گوشت کی سرکاری قیمت 740روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ یہ 1200 روپے فی کلو تک میں فروخت ہورہا ہے،مہنگا گوشت فروخت کرنے پر 3منافع خوروں پر 90ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

صوبائی وزیر کے چھاپوں کے دوران مہنگا فروٹ بیچنے والے 4منافع خوروں کو بھی جیل بھیجا گیا،کئی دکانوں اور اسٹالز پر پرائز لسٹیں موجود نہیں تھیں،انہیں پرائز لسٹ نہ رکھنے کی صورت میں بھاری جرمانہ عائد کرنے کی تنبہ کی گئی۔

اسماعیل راہو نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

تازہ ترین