• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ نے پانچویں ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 352 رنز کا ہدف دے دیا۔

ہنڈنگلے لیڈز میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلش کپتان ایون مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 351 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی طرف سے جو روٹ84 اور کپتان ایون مارگن76 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔

انگلینڈ کی طرف سے جیمز وینس اور جونی برسٹو نے اننگز اوپن کی اور پہلی وکٹ پر 63 رنز کی پراعتماد شراکت قائم کی۔

جیمز وینس آئوٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین تھے،انہیں33 کے انفرادی اسکور پر شاہین شاہ آفریدی نے فخر زمان کی مدد سے قابو کیا۔

انگلینڈ کی دوسری وکٹ105 کے اسکور پر گری، برسٹو 32رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ان کی وکٹ عماد وسیم کے حصے میں آئی۔

تیسری وکٹ پر کپتان مارگن نے جو روٹ کے ساتھ مل کر وکٹ کے چاروں طرف کئی دلکش اسٹروکس کھیلے اور اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

جوروٹ اور مارگن کی 117 رنز کی شراکت کا خاتمہ 222 کے اسکور پر شاہین شاہ آفریدی نے ایون مارگن کی وکٹ لے کر کیا،انگلش کپتان نے اپنی بیٹنگ کے دوران 5 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔

انگلینڈ کی چوتھی وکٹ 257 کے اسکور پر گری، اننگز کے ٹاپ اسکورر جو روٹ کو محمد حسنین نے آصف علی کی مدد سے قابو کر لیا،انہوں نے 84رنز کی اننگز کے دوران 9چوکے لگائے۔

پاکستان کو پانچویں کامیابی 272 کے اسکور پر جاس بٹلر کی صورت میں ملی جو 34کے انفرادی اسکور پر عماد وسیم کی دوسری وکٹ بن گئے۔

انگلینڈ کے چھٹے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین معین علی تھے،جو 272 ہی کے اسکور پر بغیر کوئی رنز بنائے عماد وسیم کا تیسرا شکار بنے ۔

کرس ووکس آوٹ ہونے والے ساتویں بیٹسمین تھے،295 کے مجموعے پر وہ 13 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی تیسری وکٹ بن گئے۔

انگلینڈ کی آٹھویں وکٹ310 کے اسکور بین اسٹوکس کی گری،12 رنز بنانے والے بیٹسمین کو حسن علی نے آئوٹ کیا۔

نویں وکٹ 336 کے اسکور پر گری، ڈیوڈ ویلی 14 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی چوتھی وکٹ بنے۔

انگلینڈ کی طرف سے ٹام کرن 29 اور عادل رشید 2 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔

پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے 84 رنز کے عوض 4 اور عماد وسیم 53 رنز دے کر 3 وکٹیں اپنے نام کی جبکہ حسن علی اور محمد حسنین نے ایک ایک انگلشن بیٹسمین کو پویلین بھیجا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 5میچوں کی سیریز کا یہ آخری ایک روزہ میچ ہے، پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد سے لگاتار 3 میچز میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

گزشتہ 3 میچز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن نے عمدہ کھیل پیش کیا تاہم بولنگ اور فیلڈنگ کی ناقص پرفارمنس ہر بار شکست کی وجہ بنی۔

تازہ ترین