• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن جماعتیں احتجاج پر متفق، عید بعد اے پی سی ہوگی

پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی ساری جماعتیں عید کے بعد مل کر حکومت کے خلاف احتجاج کریں گی ،مولانا فضل الرحمان کی سر براہی میں عید کے بعد اے پی سی بلائی جائے گی، ہمارا مل کر بیٹھنے کا مقصد ملک کو مسائل سے نکالنا ہے ۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے ،نو مہینوں میں ملک گہرے سمند ر میں پہنچ چکاہے ،ملک کو مسائل سے نکالنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔

اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان اور عوامی نیشنل پارٹی نے عیدالفطر کے فوری بعد حکومت مخالف احتجاجی تحریک کی تجویز دی۔

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ بلاول نے ہر مشکل میں ہماری فیملی کا ساتھ دیا ، والدہ کی وفات پر انہوں نے تعزیت کی اور والد کی طبیعت خراب ہونے پر ان کی خیریت معلوم کرنے کے لیے میاں نواز شریف سے ملنے کے لیے گئے ۔

مریم نواز نے کہا کہ بلاول نے افطار کی دعوت دی جو میں نے بخوشی قبول کر لی ، پارٹی اختلاف اپنی جگہ مگر ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونا چاہیے جو کہ ہماری معاشرتی اقدارکا حصہ  ہے ۔

زرداری ہائوس اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کے افطار ڈنر میں مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے اسلام (ف)، جماعت اسلامی،اے این پی اور پی ٹی ایم کی قیادت نے شرکت کی، افطار ڈنر کے بعد تمام اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس بھی ہوا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کو بھی طے کیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں مسلم لیگ ن کا وفد شریک ہوا، جس میں مریم نواز، حمزہ شہباز، مریم اورنگزیب ایاز صادق اور دیگر رہنمابھی شامل تھے۔

بلاول بھٹو زرداری کے افطاار ڈنر میں لیاقت بلوچ کی سربراہی میں جماعت اسلامی کا وفدبھی شریک ہواجبکہ اے این پی کے ایمل ولی خان، زاہد خان اور میاں افتخار حسین بھی افطار ڈنر میں شریک تھے۔

تازہ ترین