• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی پارلیمنٹ کےانتخابات،انتخابی مہم کےآخری مراحل،بریگزٹ کےحامیوں اورمخالفین میں مقابلہ

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل ) یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات کی مہم آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے 23 مئی کو ہونے والے یورپی پارلیمانی انتخابات میں یارکشائر ہمبر سے 52امیدوار میدان میں ہیں جبکہ یارکشائر ہمبر سے چھ امیدواروں کا انتخاب کیا جاتا ہے اس وقت لیبر کنزرویٹواور لبرل ڈیموکریٹ کے دو دو امیدوار یورپی پارلیمنٹ میں نمائندگی کر رہے ہیں جن میں امجد بشیر بھی ہیں جو یو کپ کے پلیٹ فارم سے منتخب ہوئے تھے بعد ازاں وہ کنزرویٹو پارٹی میں شامل ہو گئے تھے 23مئی کے یورپی انتخابات میں تینوں مین سٹریم پارٹیوں نے پاکستان نژاد امیدواروں کو بھی موقع فراہم کیا ہے۔ لیبر نے جواد خان ،لبرل ڈیمو کریٹ نے شفق محمد اور کنزرویٹو پارٹی نے امجد بشیر کو ٹکٹ دئیے ہیں جبکہ امجد بشیر اپنی نشست کا دفاع کر رہے ہیں امجد بشیر بریگزٹ کے حامی ہیں ان کا کہنا ہے کہ یورپی پارلیمنٹ میں ایسے لوگوں کا پہنچنا ضروری ہے جو یورپ سے اچھے تعلقات قائم رکھ سکیں اور باعزت طریقے سے برطانیہ کو یورپ سے نکال سکیں لبرل ڈیموکریٹ کے شفق محمد کا کہنا ہے کہ لیبر پارٹی اور ٹوری پارٹی بریگزٹ کا معاملہ حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں لبرل ڈیموکریٹ بریگزٹ کو روکنا چاہتی ہے برطانیہ اور ہماری نسلوں کی بقاء یورپ میں رہنے میں ہی ہے دوسری جانب تحریک آزادی کشمیر کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ کشمیر دوست امیدواروں کو کامیاب کروائیں چاہیئے ان کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو اس حوالے سے جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے زیر اہتمام کنزرویٹو پارٹی کے امیدواروں سے بریڈ فورڈ کے مقامی ہوٹل میں خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں کنزرویٹو پارٹی کے یورپی پارلیمنٹ میں امیدوار ایم ای پی جان پراکٹر، ایم ای پی امجد بشیر نے خصوصی شرکت کی۔ خصوصی اجلاس کی صدارت تحریک حق خود ارادیت کے سرپرست اعلیٰ سردار عبدا لرحمٰن خان نے کی۔ اجلاس کے میزبان تحریک حق خود ارادیت کے چئیرمین راجہ نجابت حسین تھے۔ اجلاس سے قبل تحریک حق خود ارادیت کے چئیرمین راجہ نجابت حسین نے ممبران یورپی پارلیمنٹ، ممبران برطانوی پارلیمنٹ کے نام کھلا خط لکھا جس میں مقبوضہ کشمیر کے گرفتار حریت پسندوں کی فہرست شامل ہے۔ راجہ نجابت حسین نے خط میں مطالبہ کیا کہ اس اہم معاملے کو برطانوی حکومت، برطانوی و یورپی پارلیمنٹ اور انڈین ہائی کمیشن کے ساتھ اٹھایا جائے۔ بریڈ فورڈ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں تحریک حق خود ارادیت کے عہدیداران نے کنزرویٹو امیدواروں کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال، حریت قائدین کی گرفتاریوں اور تہاڑ جیل منتقلی سمیت دیگر صورتحال سے آگاہ کیا۔ تحریک کے چئیرمین نے گرفتار قائدین کی فہرست پر مشتمل لیٹر یورپی پارلیمنٹ کے امیدواروں کو پیش کیا۔ اس موقع پر کنزرویٹو پارٹی کے یورپی پارلیمنٹ کے امیدواروں ایم ای پی جان پراکٹر، ایم ای پی امجد بشیر نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند ہونا چاہئے۔ بھارت کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ ہم نے پہلے بھی یورپی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات کی اور آئندہ بھی مسئلہ کشمیر کے لیے اپنی کوششیں بروئے کار لائیں گے۔ اس موقع پر تحریک حق خود ارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بریڈ فورڈ اور دیگر شہروں میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرنے والے امیدواروں کو سپورٹ کرے گی۔ دونوں ممبران ایم ای پی جان پرکٹر اور ایم ای پی امجد بشیر نے پہلے بھی یورپی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز اجاگر کیا جس پر کشمیری قوم ان کا شکریہ ادا کرتی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ دوبارہ انتخاب کے بعد پہلے سے زیادہ بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر اور یورپی پارلیمنٹ میں اس پر بات کریں گے۔اس موقع پر کنزویٹو پارٹی بریڈ فورڈ کے صدر بیرے وٹکر، سابق لارڈ سر جیمز ہل، کنزرویٹو پارٹی بریڈ فورڈ ایسٹ کے چیئرمین راجہ سخاوت حسین، کنزرویٹو فرینڈز آف کشمیر کے ڈپٹی چیئرمین ہیری بوٹا، آصف نسیم راٹھور، حاجی کرامت حسین، حاجی قربان حسین، راجہ اشتیاق احمد اور دیگر شریک تھے۔ اس موقع پر تحریک حق خود ارادیت کی جانب سے دونوں امیدواروں ایم ای پی جان پراکٹر، ایم ای پی امجد بشیرکو حسن کارکردگی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

تازہ ترین