• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں شدت پسندی کی جگہ نہیں،بنیادپرستوں کوشکست کاسامناہے،عابدچوہان

راچڈیل (ہارون مرزا) برطانیہ سمیت دنیا بھر میں کہیں بھی شدت پسندی کیلئے کوئی جگہ نہیں بنیاد پرستوں کو پوری دنیا میں شکست کا سامنا ہے ہم برطانیہ میں شدت پسندی کو ہرگز پروان نہیں چڑھنے دینگے ان خیالات کا اظہار مانچسٹر کے نومنتخب لارڈ میئر عابد چوہان نے اپنے پہلے پالیسی بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا تشخص شدت پسندوں نے مجروح کیا ہے مگر اب مسلمان اس صورتحال سے نکل رہے ہیں دنیا کومعلوم ہو گیا ہے کہ مسلمان دہشت گرد نہیں بلکہ پیار اور محبت کرنے والی قوم ہیں ہم اسی تشخص کو برطانیہ میں اجاگر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں مانچسٹر میں ہر سال منعقد ہونے پریڈ میں دنیا کی ہر نسل اور قوم کے لوگ شرکت کرتے ہیں اور ہم دنیا کو یہ باور کرانے کی کوشش کرتے ہیں کہ ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے ان کی سیاست کا محور بھی صرف یہی ہے رنگ اور نسل کی تفریق کے بغیر ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں اور وہی معاشرہ خوبصورت ہوتا ہے جس میں اتحاد اور اتفاق کے ساتھ رہتے ہو انہوں نے کہا کہ اس سے قبل محمد افضل خان موجودہ ایم پی اور نعیم الحسن جن کا تعلق ضلع جھلم سے مانچسٹر کے سابق لارڈ میئر رہ چکے ہیں اور انہوں نے تمام کمیونٹیز کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں ان کی بھی کوشش ہوگی کہ وہ اپنے اس دور کو سنہری بنا سکیں انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ دور میں سوشل میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے مسلمانوں کو اپنا تشخص بحال کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا بھی لینا پڑے گا دنیا میں کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہو تو بلا سوچے سمجھے اس کا الزام مسلمانوں پر لگا دیا جاتا ہے ہمیں اسلام فوبیا اور شدت پسندی کا راستہ روکنا ہوگا انہوں نے کہا یورپی یونین کے حالیہ انتخابات میں تمام ووٹر ریکارڈ تعداد میں باہر نکل کر اپنا ووٹ کاسٹ کریں کیونکہ یورپی یونین کے انتخابات میں شدت پسند عناصر بھی کسی نہ کسی طریقے سے پارلیمنٹ تک پہنچنا چاہتے ہیں اگر شدت پسند عناصر پارلیمنٹ تک پہنچ گئے تو پھر ایسے ایسے قانون منظور کیے جائیں گے جو شدت پسندی کا منہ بولتا ثبوت ہوں گے برطانیہ کو اسی صورت ایک خوبصورت اور پر امن ملک بنایا جا سکتا ہے جب ہم سب باہمی محبت کو فروغ دیں انہوں نے کہاکہ مانچسٹر میں 250 سے زائد مختلف زبانیں بولی جاتی ہیں ہم ہر زبان بولنے والے کے چہرے پر خوشی کے تاثرات دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ کسی ایک پارٹی کے نہیں بلکہ پورے مانچسٹر نمائندگی کر رہے ہیں انہوں نے کہا روزنامہ جنگ نے یورپ اور برطانیہ میں تارکین وطن کو تسبیح کے دانوں کی طرح ایک لڑی میں پرو رکھا ہے کشمیر کی آزادی کے سلسلہ میں تمام میڈیا اور بالخصوص روزنامہ جنگ اپنا خصوصی کردار ادا کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی کی یہ انتہا ہے کہ دنیا کے امیر ترین عرب ممالک باہمی باہمی اختلافات کا شکار ہیں کاش نبی کریمﷺکی تعلیمات کے مطابق اپنا کردار ادا کریں اور اپنے وسائل کو انسانیت کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں انہوں نے کہا کہ پاکستانی کلچر اور خوراک دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں اصلاحات کا نفاذ وقت اہم ترین ضرورت ہے. ایک سوال کےجواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے لارڈ میئر بننے پر پورے پاکستان بالخصوص پنجاب اور ان کے علاقہ جہلم کالا گوجراں منڈی بہاؤالدین گوجرخان وغیرہ ہاں سے مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا ہے ۔وہ بطور وکیل پاکستان میں پریکٹس کرتے رہے ہیں اور وکلاء برادری بھی اس اعزاز کے ملنے پر انتہائی خوش ہے یہ سوچا بھی نہ تھا کہ وہ مانچسٹر کے لارڈ میئر منتخب ہو سکتے ہیں مگر یہ تو سب تیرا کرم ہے آقا کہ بات اب تک بنی ہوئی ہے۔

تازہ ترین