• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کی ٹرسٹ ٹیچنگ اسپتال9ہزار آپریشن کرچکا ہے، ڈاکٹر عامر عزیز

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) پاکستان میں گزشتہ30 سال سے مفت طبی سہولتیں فراہم کرنے والے گھر کی ٹرسٹ ٹیچنگ اسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر عامر عزیز نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسپتال بلا رنگ و مذہب دکھی انسانیت کی خدمت کررہا ہے۔ لاہور شہر کے قریب جلو میں گھر کی ٹرسٹ ٹیچنگ اسپتال واقع ہے۔ جہاں12لاکھ کی آبادی ہے، جہاں قریب قریب کوئی ایسا اسپتال نہیں ہے اور یہاں پر بیرون ممالک سے بھی لوگ آکر علاج کراتے ہیں، پاکستان کے دیگر شہروں سے کہیں زیادہ مریضوں کا مفت علاج کرچکے ہیں، بین الاقوامی سطح پر بھی مانا جاتا ہے یہاں میڈیکل کی تعلیم بھی دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایسا کوئی مریض آئے جس کے پاس پیسے نہ ہو تو اس کا علاج ضرور کرتے ہیں، کیونکہ اس کے پاس پیسے نہیں ہیں، انہوں نے کہا، گھر کی ٹرسٹ ٹیچنگ اسپتال جیسے ادارے پاکستان میں جو اپنی مدد آپ کے تحت کام کررہے ہیں، ایسے ادارے اور بھی ہونے چاہئیں تاکہ پاکستان میں صحت کا نظام بہتر ہوسکے اور ہر شہری کو صحت کی بنیادی سہولیات مل سکیں، انہوں نے کہا کہ پچھلے سال9000افراد کے کامیاب آپریشن کیے اور پورے ملک میں کسی بھی اسپتال سے زیادہ ہے، انہوں نے کہا کہ جو لوگ مستحق ہیں ان کے فوری علاج کو یقینی بنایا جائے۔ حکومت کی جانب سے کوئی مدد نہیں ملتی، بلکہ ریاست نے ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے، اگر ریاست کی جانب سے تعاون ہوتا تو بہت زیادہ مریضوں کا علاج ہوسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت بھی ہمارا ساتھ دے تو زیادہ سے زیادہ مستحق افراد مریضوں کا علاج کیا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس نوعیت کے اسپتال جو اپنی مدد آپ کے تحت کام کررہے ہیں وہ پورے پاکستان، پوری پاکستانی عوام کے لیے ایک ورثہ ہے جو قابل ستائش ہے، انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہمارے اوپر اعتماد کرنا شروع کردیا ہے، جس کی وجہ سے یہ خیراتی اسپتال چل رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو اگر نزلہ، زکان بھی ہوتا ہے تو وہ بیرون ممالک جاکر علاج کراتے ہیں، اگر حکمرانوں کو اپنے ملک میں علاج کرانا پڑے تو پاکستان کے طبی اداروں کا معیار بہتر ہوسکتا ہے۔
تازہ ترین