• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روسی صدر کی آئی اے ای اے کے سربراہ سے بات چیت

ماسکو(اے پی پی) روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کو دنیا کی شفاف ترین ایٹمی سرگرمیاں قرار دیا ہے۔ صدر پیوٹن نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بذات خود آئی اے ای اے کے سربراہ سے ایران کے بارے میں بات کی ہے اور انہوں نے مجھے بتایا کہ ایران ایٹمی معاہدے پر پوری طرح سے عمل کر رہا ہے۔ ایٹمی معاہدے سے ایران کی علیحدگی کی قیاس آرائیوں کے حوالے سے روسی صدر کا کہنا تھا کہ میں نے بارہا اپنے ایرانی دوستوں سے کہا ہے کہ میرے خیال میں منطقی ترین راستہ یہ ہے کہ ایران ایٹمی معاہدے میں باقی رہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اگر ایران ایٹمی معاہدے سے نکلا تو اگلے ہی دن سارا الزام ایران پر لگا دیا جائے گا اور دنیا یہ بھول جائے گی کہ امریکہ نے ایٹمی معاہدے کو سبوتاژ کرنے میں پہل کی تھی۔ روس کے صدر نے مزید کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے تمام معاہدوں کی خلاف ورزی کی گئی ہے لیکن روس ایٹمی معاہدے کا ہمیشہ حامی رہا ہے۔
تازہ ترین