• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت بچانے کے نام پر جمع ہونیوالے لوگوں کی وجہ سے ہی ملک آگے نہیں بڑھا، عمران خان

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جمہوریت بچانے کے نام پر جمع ہونے والے لوگوں کی وجہ سے ہی ملک آگے نہیں بڑھا ، کرپٹ سیاسی مافیا معیشت کے ذریعے بلیک میل کرنا چاہتا ہے، یہ سارے چور اکٹھے ہونا چاہتے ہیں لیکن عوام انکا ساتھ نہیں دینگے، ہم 10سال میں تباہ کی گئی معیشت کو ٹھیک کر رہے ہیں، تاریخ کے سب سے بڑے قرضے اور سب سے مشکل حالات میں پاکستان ہمیں ملا، ثابت کرکے دکھائونگا خطے میں سب سے اوپر پاکستان جائیگا، کچھ عناصر غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تاجر برادری معاشی استحکام کے حصول میں کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں تقریب اور کے پی کے کابینہ سے خطاب تاجروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اپوزیشن جماعتوں کے افطار ڈنر پر وزیر اعظم عمران خان نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو حیرت نہیں ہونی چاہیے کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز افطاری پر ملنے جا رہے ہیں، ان دونوں نے ایک دوسرے کو کرپٹ کرپٹ کہا اور اب یہ کرپٹ ٹولہ اکھٹا ہو رہا ہے، سارے چور اکٹھے ہونا چاہتے ہیں تاہم عوام کبھی ان کا ساتھ نہیں دینگے۔ وزیراعظم عمران خان نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کو دیئے گئے افطار ڈنر کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا زرداری ہاؤس میں ہونے والی اپوزیشن کی افطار پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج وہاں سارے جمہوریت بچانے کے نام پر جمع ہوئے ہیں، بدقسمتی سے ان ہی لوگوں کی وجہ سے ملک آگے نہیں بڑھا۔ انہوں نے کہا کہ جو کہتے تھے دو پارٹی سسٹم کی وجہ سے اقتدار میں نہیں آسکتا، تاریخ کے سب سے بڑے قرضے اور سب سے مشکل حالات میں پاکستان ہمیں ملا لیکن ثابت کرکے دکھاؤں گا، خطے میں سب سے اوپر پاکستان جائے گا۔ قبل ازیں خیبر پختونخوا کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپٹ سیاسی مافیا معیشت کے ذریعے بلیک میل کرنا چاہتا ہے، پرانے نظام سے فائدہ اٹھانے والا سیاسی مافیا نئے نظام کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بلاول اور مریم نواز کے افطار ڈنر میں ملنے پر حیرت نہیں ہونی چاہیے، کرپٹ ٹولہ اب اکھٹا ہو رہا ہے تاہم عوام کبھی ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔ علاوہ ازیں اتوار کو وزیر اعظم عمران خان سے معروف تاجروں کے وفد نے ملاقات کی جس میں ملک بھر کے ایوان صنعت و تجارت کے نمائندگان اور معاشی ماہرین شامل تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور تاجر برادری کی مشترکہ کاوشوں سے ملکی معاشی مسائل حل ہو سکتے ہیں ۔ کچھ عناصر ملک میں غیریقینی معاشی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ تاجر برادری معاشی استحکام کے حصول میں اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم تاجر برادری سے مستقل بنیادوں پر ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

تازہ ترین