• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرگودھا، چینی لڑکوں کی 2لڑکیوں سےنکاح کے بعدچین اسمگل کرنیکی کوشش ناکام

سرگودھا(نامہ نگار)چینی لڑکوں کی خود کو مسلمان ظاہر کرکے 2لڑکیوں سے دھوکہ دہی سےنکاح کے بعدچین سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کےنواحی علاقہ نصیر پور میں دو لڑکیوں تصور بی بی اورثمینہ کو چینی لڑکے سہانے خواب دکھا کر اپنے ساتھ لاہور لے گئے اور اپنے آپ کو مسلمان ظاہر کرکے نکاح کرلیا۔ ملزمان لڑکیوں کو چین اسمگل کرنا چاہتے تھے، فروخت کرنے کے انکشاف ہونے پر لڑکیاں فرار ہوکر واپس کوٹ مومن پہنچ گئیں ۔کوٹ مومن کے نواحی علاقہ نصیر پور کی رہائشی غریب لڑکیوں کو نوکری اور پیسوں کا لالچ دے کر چینی لڑکوں نے اپنے آپ کو مسلمان ظاہر کرکے فرضی نکاح رچایا اور مزید پیسوں کا لالچ دے کر انہیں چین اسمگل کرنا چاہتے تھے اوردونوں لڑکیوں کو لاہور نامعلوم جگہ پر رکھا ہواتھا جہاں سے دونوں فرار ہوکر کوٹ مومن پہنچ گئیں۔ لاہور سے کوٹ مومن واپس پہنچنے والی دونوں لڑکیوں نے فیملی جج کوٹ مومن میں دعویٰ تنسیخ نکاح،دعویٰ تکذیب نکاح دائر کردیا ۔تصور بی بی کےخاوند کا نام ذینگ ایکسنگاو ولد ذینگ ایکسی شان ہے جبکہ دوسری لڑکی ثمینہ کے خاوند کا نام مسٹر چاو ذین بنگ عرف ساجد ہے جولاہور کینٹ لاہور میں رہائش پذیر ہیں جہاں پر شادی کونسل کے نام پر آفس بنا رکھا ہے ۔لڑکیوں کی طرف سے عدالت میں دی جانیوالی تحریری درخواستوں میں الزام عائد کیا گیا کہ دونوں چینی افراد انہیں لاہور میں غلط کاری پر مجبور کرتے تھے اور انکار پر تشدد کا نشانہ بناتے تھے ۔

تازہ ترین