• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی انتخابات، گیارہ ایگزٹ پولز نے مودی اتحاد کو فتح دلا دی

کراچی (جنگ نیوز) بھارت میں پارلیمانی انتخابات (سترہویں لوک سبھا) کےلئے سات مراحل کاانتخابی سفر مکمل ہوگیا ،انتخابی عمل کے خاتمے کے بعد نئی حکومت کے قیام کی کوششوں کے درمیان زیادہ تر پولنگ سروے (ایگزٹ پول) نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کو دوبارہ واضح اکثریت ملنے کا دعویٰ کیا ہے۔تمام انتخابی پولز میں مودی کو دوبارہ واضح اکثریت حاصل کرتے بتایا گیا ہے،تاہم اس کا فیصلہ23مئی کو ہی ہوگا۔لوک سبھا کی 543 میں سے 542 نشستوں کے لئے ووٹنگ ہوئی ۔ انتخابات میں مجموعی طور پر اوسطا 66 فیصد سے زیادہ پولنگ ہوئی۔ا نڈیا ٹو ڈے ۔ایکسز نے بی جے پی اتحادی(این ڈی اے) کو339سے365، کانگریس اتحاد(یو پی اے) کو77سے108اور دیگر جماعتوں کو79سے111سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ٹائمز نائو،وی۔ ایم آر سروے نے بی جے پی اور اتحادی پارٹیوں (این ڈی اے) کو 306 نشستیں، کانگریس کی قیادت والے متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کو 132 اور دیگر کو 104 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیاہے۔ نیوز24۔ چانکیہ نے بی جے پی اتحاد کو350،کانگریس کو95اور دیگر جماعتوںکو 97سیٹیں دی ہیں۔نیٹا ۔نیوز ایکس نے اپنے ایگزٹ پول میں این ڈی اے کو242سیٹیں،کانگریس کو164سیٹیں دیں۔انڈیا ٹی وی۔سی این ایکس نے اپنے پول میں این ڈی اے کو300، یو پی اے کو120،اور دیگر جماعتوں کو122نشستیں دیں ہیں۔ری پبلک۔جان کی بات نے اپنے سروے میں این ڈی اے کو305نشستیں، یوپی اے کو124اور دیگر کو113سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا۔سی این این۔نیوز18۔ آئی پی ایس او ایس کے سرو ے میں این ڈی اے کو336نشستیں، یوپی اے کو82اور دیگر کو124سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا۔اے بی پی۔اے سی نیلسن کے سروے میں این ڈی اے کو267نشستیں، یو پی اے کو127اور دیگر کو148سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا۔ سدرشن نیوز نے این ڈی اے کو 313، یو پی اے کو 121 اور دیگر کو 109 سیٹیں دی ہیں۔ری پبلک ٹی وی سی ووٹر نے اپنے سروے میں این ڈی اے کو 287 نشستیں، یو پی اے کو 128 اور دیگر کو 127 سیٹیں دیں۔نیوز نیشن نے بی جے پی اور اتحادیوں کو 282 سے 290 نشستیں، کانگریس اور اتحادیوں کو 118 سے 126 سیٹیں اور دیگر جماعتوں کو 130- 138 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں 69.61، دوسرے مرحلے میں 69.44، تیسرے مرحلے میں 68.4، چوتھے مرحلے میں 65.51، پانچویں مرحلے میں 64.16 ، چھٹے مرحلے میں 64.4 فیصد اور ساتویں مرحلے میں 61 فیصد سے زائد پولنگ ہوئی۔گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں ووٹنگ میں اس بار 4.1 کروڑ سے زیادہ خواتین نے اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کیا۔ مردوں اور عورتوں کے درمیان ووٹنگ کا فرق 2009 سے مسلسل کم ہوتا جا رہا ہے۔ سال 2009 میں یہ فرق نو فیصد تھا، جو 2014 میں 1.4 فیصد اور اس بار 0.4 فیصد رہ گیا ہے۔ ان ایگزٹ پول پر ردعمل دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ ہر ایگزٹ پول غلط نہیں ہوسکتا،ٹی وی اور سوشل میڈیا کو بند کرنے کا وقت ہے 23تک انتظار کیا جائے۔ ترینامول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے ایگزٹ پول کو گپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں ایگزٹ پول کی گپوں پر یقین نہیں کرتی۔

تازہ ترین