• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران سےکشیدگی،سعودیہ نےخلیج کونسل اورعرب لیگ کااجلاس طلب کرلیا

ریاض (جنگ نیوز، شاہد نعیم) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خطے کی تازہ صورت حال اور ایران سے کشیدگی کے تناظر اور خلیج کو درپیش خطرات کے تدارک کے لیے خلیج تعاون کونسل اور عرب لیگ کا فوری اجلاس طلب کیاہے۔تیس مئی کو عربلیگ اور خلیجی ممالک کی سربراہ کانفرنس کے بعد 31 مئی بہ مطابق 26 رمضان المبارک کو اسلامی سربراہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تینوں سربراہ اجلاسوں کی میزبانی سعودی عرب کرے گا جو مکہ معظمہ میں منعقد کی جائیں گی۔ دوسری جانب سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت خطے کے امن اور استحکام کے لئے کام نہیں کر رہی ہے۔اتوار کے روز سعودی دارلحکومت میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ان کا ملک خطے میں جنگ نہیں چاہتا، تاہم دوسرے فریق [یعنی ایران] نے اگر جنگ کی راہ اختیار کی تو سعودی عرب اس جارحیت کا مصمم ادارے اور بھرپور طاقت سے جواب دے گا۔ایران کی ’’فارس‘‘نیوز ایجنسی نے سپاہِ پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں ایلیٹ انقلابی گارڈز کے سربراہ سے یہ اعلان منسوب کیا گیا ہے کہ ’’ایران جنگ نہیں چاہتا ہے۔‘‘
تازہ ترین