• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران ملک کیلئے بری خبر، ن لیگ کو سمندر سے ذخائر نہ ملنے پر افسوس

لاہور(خبرایجنسی)پاکستان مسلم لیگ(ن)نے سمندر سے تیل و گیس کے ذخائر نہ ملنے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ نواز شریف نے جس منصوبے پر ہاتھ رکھا اللہ تعالی کی برکت سے پورا ہوا کیونکہ وہ سچ بولتے ہیں اور نیت صاف ہے جبکہ عمران صاحب ملک وقوم کے لئے بری خبر ہیں کیونکہ جب سے ان کے آنے کی خبر آئی ہے ملک کے لئے کوئی اچھی خبر نہیں آئی،وزیر اعظم جھوٹ بولنا، تہمت و بہتان لگانا چھوڑ دیں، ملک کی آدھی مشکلات کم ہو جائینگی۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے سمندر سے تیل کے ذخائر نہ ملنے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ انہیں اور مسلم لیگ(ن)کو دلی رنج اور افسوس ہوا کہ تیل کا ذخیرہ نہیں مل سکا کیونکہ پاکستان کی معیشت، روزگار اور اچھے مستقبل کے خواب اس منصوبے سے جڑے تھے اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے دور میں ملک وقوم کے روشن مستقبل کے لئے یہ منصوبہ شروع کیا تھا ۔مسلم لیگ(ن)کی ترجمان نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ عمران صاحب جھوٹ بولنا، تہمت اور بہتان لگانا چھوڑ دیں ملک کی آدھی مشکلات کم ہو جائیں گی، جھوٹ بولنے والے کو اللہ تعالی کبھی کامیابی نہیں دیتا کیونکہ اللہ تعالی جھوٹ کو پسند نہیں کرتا اسی لئے عمران صاحب آپ کے جھوٹ کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے اور جھوٹ سے ملک پر مسلط ہونے والے جھوٹوں کے آنے سے ملک سے برکت اٹھ گئی ہے۔
تازہ ترین