• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہسپانوی سفیر کی فیصل حیات ملاقات، فٹبال کےمعاملات پر گفتگو

 اسپین کے سفیر گیمنز ریکو نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سربراہ مخدوم سید فیصل صالح حیات سے ملاقات کی اور پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلئے معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

اسلام آباد میں اسپین کے سفیر نے پاکستانی فٹبال کیلئے نائب صدر اے ایف سی اور فیفا کی تسلیم شدہ پی ایف ایف کے صدر مخدوم سید فیصل صالح حیات کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اس کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔

نوجوان کھلاڑیوں کو اچھی ٹریننگ کے مواقع فراہم کئے جائیں تو عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں، فٹبال کی سپر پاورز کو عالمی معیار کے کھلاڑیوں کی کھیپ اکیڈمیز سے میسر آتی ہیں، پاکستان میں گراس روٹ سطح پر بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

اس موقع پر اسپینش اکیڈمیز پروگرام کے تحت پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلیے معاونت اور کھلاڑیوں کے دوطرفہ دوروں کا سلسلہ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ہسپانوی سفیر گیمنز ریکو نے اے ایف سی کا نائب صدر منتخب ہونے پر مخدوم سید فیصل صالح حیات کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ فٹبال کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس سے قبل اپنی رہائش گاہ واقع اسلام ٓآباد میں تشریف لانے پر سید فیصل صالح حیات نے اسپین کے سفیر کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسپین فٹبال کی عالمی طاقتوں میں سے ایک ہے، اس کی معاونت سے گراس روٹ سطح پر پاکستان کا ٹیلنٹ نکھارنے میں مدد ملے گی۔

تازہ ترین