• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی ٹیم کی ناقص فیلڈنگ پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

چوتھا میچ ہارنے کے بعد مکی آرتھر نے کہا کہ انگلینڈ کی ون ڈے سیریز میں ہماری فیلڈنگ مایوس کن رہی، دونوں ٹیموں کے درمیان سب سے بڑا فرق فیلڈنگ رہی۔ون ڈے سیریز چار صفر سے ہارنے کے باوجود ہم نے مقابلہ کیا، ساؤتھمپٹن اور ناٹنگھم میں میچ آخری اوور میں گیا ایسے میچ کوئی بھی ٹیم جیت سکتی ہے۔مجھے سب سے زیادہ فکر فیلڈنگ کی ہے یہ ایسا شعبہ ہے جس پر میں نے کوچ بن کر بہت کام کیا ہے۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہم دنیا کی نمبر ایک ٹیم سے مقابلہ کررہے تھے، سیریز کے دوران بیٹنگ لائن کی کارکردگی حوصلہ افزا ہے،پاکستان نے 361,358,340,297رنز بنائے جس سے بیٹنگ لائن کی اچھی کارکردگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ جب ہم یہاں آئے تو لوگ کہہ رہے تھے کہ ہم280رنز کی ٹیم ہیں،ہم نے اس تاثر کو ختم کیا،بیٹنگ لائن کی کارکردگی سے مجھے اطمینان ملا ہے اور میں اچھی کارکردگی کے لئے پر امید ہوں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم پیر کو لیڈز سے برسٹل پہنچ گئی جہاں وہ ورلڈ کپ کا وارم اپ میچ کھیلے گی۔

ٹیم انتظامیہ نےفاسٹ بولر جنید خان کو ریلیزکر دیاہے ، وہ اپنے اہل خانہ کے پاس بریڈ فورڈ اور لیگ اسپنر یاسر شاہ بر منگھم چلے گئےجبکہ عابد علی اور فہیم اشرف کے انگلینڈ میں کھیلنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم منگل کو آرام اور بدھ سے ٹریننگ کرے گی۔ پاکستان ٹیم 24 مئی کو افغانستان کے خلاف برسٹل میں وارم اپ میچ کھیلے گی۔

وہاب ریاض منگل کو ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔بیٹسمین آصف علی لندن سے امریکا جارہے ہیں اور بیٹی کی میت کے ساتھ فیصل آباد آئیں گے۔ آصف علی تدفین اور سوئم کے بعد ٹیم کو انگلینڈ میں جوائن کریں گے۔

پی سی بی کے مطابق آصف علی لیڈز سے لندن چلے گئے ۔ آصف علی کے لندن سے امریکہ جانے کے سفری انتظامات کی کوشش کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین