• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھریسامے بریگزٹ ڈیل پر حمایت کیلئے جرأت مندانہ پیشکش کریں گی

لندن( پی اے ) وزیر اعظم تھریسا مے نے بریگزٹ ڈیل پر ارکان پارلیمنٹ کی حمایت حاصل کرنے کیلئے جرات مندانہ پیشکش کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ سنڈے ٹائمز میں اپنے مضمون میں تھریسا مے نے کہاہے کہ بریگزٹ ڈیل کیلئے جون کے اوائل میں یورپی یونین سے علیحدگی کے بل پر ووٹنگ کے وقت نئی اور بہتر ڈیل ارکان پارلیمنٹ کے سامنے پیش کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ یہ بل ایک جرات مندانہ پیشکش ہوگا۔ توقع ہے کہ اس میں شامل تجاویز میںورکرز کے تحفظ کیلئے اضافی تحفظ رکھا جائے گا۔تھریسا مے بریگزٹ سے متعلق اپنے منصوبے کو منظور کرانے کیلئے لیبر پارٹی کے بعض ارکان پارلیمنٹ کی حمایت حاصل کرنے کی بھی کوشش کریں گی۔یہ بات بریگزٹ پر لیبرپارٹی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی ناکامی کے بعد سامنے آئی ہے۔تھریسا مے نے رواں ہفتے اعلان کیاتھا کہ ارکان پارلیمنٹ اس بل پر ووٹ دیں گے جس کے بعد 3جون کوشروع ہونے والے ہفتے کے دوران یہ برطانوی قانون کا حصہ بن جائے گا۔اگر بل منظور نہ ہوسکا تو برطانیہ کو 31اکتوبر کو کسی ڈیل کے بغیر ہی یورپی یونین کو خیرباد کہناہوگا۔ٹائمز میں اپنے مضمون میں تھریسا مے نے لکھاہے کہ وہ ارکان پارلیمنٹ سے اسی ڈیل پر ایک دفعہ اور سوچنے کانہیں کہیں گی کیونکہ ان کی یہ اپیل کئی مرتبہ مسترد کی جاچکی ہے۔ بلکہ اس دفعہ بہتر اقدامات پر مبنی پیکیج ہے اور میں سمجھتی ہوں کہ اسے حمایت حاصل ہوجائے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ ارکان پارلیمنٹ نئی نظر سے اس ڈیل کاجائزہ لیں اور اس کی حمایت کریں۔ دریں اثنا منگل کو کابینہ کے ایک اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ بنظر غائر تجاویز کاجائزہ لیں گے اور یہ اندازہ لگائیں گے کہ کن تجاویز کو اکثریت کی حمایت حاصل ہوسکتی ہے۔بریگزٹ29کو ہوناتھا لیکن ارکان پارلیمنٹ کی جانب سےعلیحدگی کے سمجھوتے کو تین مرتبہ مسترد کئے جانے کے بعد یورپی یونین نے برطانیہ کو 31اکتوبر تک کا وقت دیاہے،جس کے بعد اس مسئلے پر تعطل ختم کرنے کیلئے کنزرویٹو پارٹی اور لیبر کےدرمیان مذاکرات کاسلسلہ شروع ہواتھا جو نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکا،وزیر اعظم نے اپنی ڈیل پر ووٹنگ کے بعد اپنے عہدے سے اسعفیٰ کی تاریخ دینے کااعلان کیا ہے۔ بریگزٹ سے متعلق امور کے شیڈو وزیر سر کیئرسٹارمر نے گزشتہ روز بی بی سی سے باتیں کرتے ہوئے کہاتھا کہ لیبر پارٹی علیحدگی سے متعلق کی مخالفت میں ووٹ دے گی، انھوں نے حکومت پر تجربات کرنے اور ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کرنے کاالزام عاید کیاہے۔لیبر کاکہناہے کہ یاتو حکومت بریگزٹ ڈیل میں تبدیلیاں کرے یا دوبارہ الیکشن کرائے لیکن ان دونوں شرائط کی تکمیل ممکن نہیں ہے۔
تازہ ترین