• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی امن پسند ہے، راجہ آفتاب احمد

اروم (پ ر )26مئی کو ہونے والے یورپین پارلیمنٹ کے انتخابات کی مہم زور شور سے جاری ہے۔ ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ برسلز سمیت دیگر یورپی ممالک میں امیدواروں کی انتخابی مہم چلا رہی ہے۔ گزشتہ روز ایسوسی ایشن پاکستان اٹلی اور ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اٹلی کے زیر اہتمام روم کے مشہور چوک اسکوائر وکتوریو میں ایک جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں اٹلی کی مرکزی حکومتی جماعت فائیوسٹار پارٹی کے سینئر نائب صدر اور یورپین پارلیمنٹ کےممبر کے امیدوار فابیو ماسیمو کستالدو نے خصوصی شرکت کی۔ جلسہ عام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت عبدالرحمن نے حاصل کی جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض بھی انہوں نے ادا کئے۔جلسہ سے چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن راجہ آفتاب احمد نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیوٹی ایک امن پسند کمیونٹی ہے۔ پاکستانی کمیونٹی کو ورک پرمٹ، تجدید اور دیگر مسائل کا سامنا ہے میں امید کرتا ہوں کہ آپ کی حکومت ہماری کمیونٹی کے مسائل کو سنے گی۔پاکستانی طلبا کے وفد کے سربراہ حسین الہیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبا کو بہت سارے مسائل کا سامنا ہے جس میں اسکالر شپ، پاکستانی طلبا کا کوٹہ کم ہے اور ویزہ کی مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی طلبا روم میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں ہیں لیکن کوٹہ کی کمی اور ویزہ مشکلات کی وجہ سے محروم رہ جاتے ہیں۔ چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے جلسہ عام میں خصوصی شرکت کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ فابیو ماسیمو کستالدو پاکستان دوست ہے۔ جس نے یورپی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر آواز اٹھائی اور مودی کے خلاف جن پچاس ممبران نے دستخط کئے ان میں یہ بھی شامل ہیں۔ انہوں ‌نے جی ایس پی پلس میں بھی پاکستان کی مدد کی ہے۔ چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی خدمت کے لئے ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو یورپی پارلیمنٹ میں ہماری آواز بنیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دن ان کے لئے محنت کرنی ہے اور کامیاب بنانا ہے۔ کامیابی پر پانچ سال ہماری آواز ایوانوں میں سنائی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے جلسہ میں پاکستانی، بنگالی، چینی اور دیگر کمیونٹیزکے افراد موجود ہیں میں امید کرتا ہوں کہ آپ لوگ ووٹ کے ذریعے تعاون کریں اور کامیاب کرائیں۔فابیو ماسیمو کستالدو نے اپنے خطاب میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ لوگ ہمارے لئے باہر نکلے ہیں میں آپ لوگوں‌کی محبت کو بھول نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طالب علموں سے ملاقات کر کے بہت خوشی ہوئی میں آپ لوگوں کے مسائل کو حکومت کے سامنے رکھوں گا اور امید کرتا ہوں کہ آپ کے مسائل کو سنا جائے گا اور حل کرانے کی پوری کوشش کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ پیلٹ گنوں کا استعمال کسی صورت قبول نہیں ہے۔ انہوں کہا کہ مسئلہ کشمیر پر دنیا کو آگاہ کرنے کے لئے انتہائی دباو کے باوجود یورپی ممبران نے کھلا خط لکھا اور پارلیمنٹ میں ہیئرنگ کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کامیابی پر مسئلہ کشمیر پر دوبارہ آواز اٹھاوں گا ۔جلسہ کے اختتام پر پاکستانی طالب علموں کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ جلسہ میں شرکت کرنے والے سیکڑوں شرکاء کو چوہدری تجمل حسین کھٹانہ اور راجہ آفتاب کی جانب سے پر تکلف افطارکرایا گیا۔
تازہ ترین